15سال میں11ارب 28کروڑ 74لاکھ کی ریلوے اراضی پٹرول پمپس کیلئے لیز پر دی گئی

15سال میں11ارب 28کروڑ 74لاکھ کی ریلوے اراضی پٹرول پمپس کیلئے لیز پر دی گئی

اسلام آباد(آن لائن)گزشتہ پندرہ سالوں کے دوران پاکستان ریلوے کی زمین ملک بھر سے33مقامات پر پٹرول پمپس کیلئے33 سالہ لیز پر 11ارب 28کروڑ74لاکھ روپے میں دی گئی ہے جس میں سے90کروڑ55لاکھ روپے کی رقم وصول کی گئی ہے۔ 16مقامات پر لیز( ن )لیگ کے دور میں ہوئی،8مقامات پر مشرف دور میں،8مقامات پر پیپلزپارٹی کی دور میں اور ایک بھلوال میں نگران حکومت کے دور میں لیز پر دی گئی ہے، آن لائن کے پاس دستیاب سرکاری دستاویزات کے مطابق پاکستان ریلوے کی پشاور ڈویژن میں تین شہروں مردان، اٹک اور کالاپانی پر ریلوے کی زمین ن لیگ کے دور میں ایک ارب42لاکھ روپے میں لیز پر دی گئی جس سے 9کروڑ10لاکھ روپے کی رقم وصول کی گئی ہے، راولپنڈی ڈویژن میں پانچ مقامات پر ریلوے کی زمین ایک ارب چار کروڑ90لاکھ روپے میں لیز پر دی گئی جس میں سے15کروڑ49لاکھ روپے کی رقم وصول کی گئی ہے، راولپنڈی ڈویژن میں2جگہ پر لیز مشرف دور میں،2جگہ کی لیز ن لیگ کے دور میں اور ایک جگہ کی لیز نگران حکومت کی دور میں ہوئی ہے، لاہور ڈویژن میں سات مقامات پر ریلوے کی زمین پٹرول پمپس کیلئے3ارب 12کروڑ27لاکھ روپے کی رقم وصول کی گئی ہے، لاہور ڈویژن میں6مقامات کی لیز ن لیگ کے دور مین ہوئی تھی جبکہ سیالکوٹ میں ایک جگہ کی لیز مشرف دور میں کی گئی تھی، ملتان ڈویژن میں تین مقامات کی لیز 55کروڑ 57لاکھ میں دی گئی جس میں سے5کروڑ 47لاکھ روپے وصول کیے گئے ہیں، اس میں2 مقامات کی لیز ن لیگ کے دور میں ہوئی جبکہ ایک ملتان میں مشرف دور میں ہوئی تھی، سکھر ڈویژن میں پانچ مقامات پر ریلوے کی زمین53کروڑ73لاکھ میں لیز پر دی گئی ہے جبکہ8کروڑ48لاکھ روپے کی رقم وصول کی گئی ہے، سکھر ڈویژن میں2مقامات کی لیز ن لیگ دور میں دو مشرف دور میں جبکہ ایک کی لیز پیپلزپارٹی کے دور میں ہوئی ہے، کوئٹہ ڈویژن میں ریلوے کی زمین ایک ہی مقام کوئٹہ میں مشرف دور میں لیز پر دی گئی یہ لیز 53کروڑ73لاکھ روپے میں دی گئی جس میں سے8کروڑ 48لاکھ روپے وصول کیے گئے ہیں، کراچی ڈویژن میں ریلوے کی زمین9مقامات پر 4ارب86کروڑ46لاکھ روپے میں لیز پر دی گئی ہے جس میں سے29کروڑ 21لاکھ روپے کی وصولی ہوئی ہے، کراچی ڈویژن میں ریلوے کی زمین7مقامات پر پیپلزپارٹی کے دور میں لیز پر دی گئی ایک مقام پر مشرف دور میں اور ایک مقام پر ن لیگ کے دور میں چوہدری عبدالٖغفور کو کراچی میں لیز پر دی گئی ہے۔

ریلوے اراضی

مزید : صفحہ آخر