پاکستان گلوبل وارمنگ کے خطرات سے دوچار ممالک میں سر فہرست ،طاہر القادری

پاکستان گلوبل وارمنگ کے خطرات سے دوچار ممالک میں سر فہرست ،طاہر القادری

لاہور (این این آئی) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ،قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ پاکستان گلوبل وارمنگ کے خطرات سے دوچار ممالک میں سر فہرست ہے، آنے والے دنوں میں ہنگامی بنیادوں پرجنگلات میں اضافہ نہ کیا گیا تو گلیشیئر پگھلیں گے اور ماحولیاتی آلودگی انسانی زندگی کیلئے نا قابل بر د اشت ہو جائیگی،ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ اور جنگلات کے رقبہ میں اضافہ کیلئے جدوجہد کرنا ہر شہری کا دینی،قومی و ملی فریضہ ہے،ماضی کے حکمرانوں نے درخت کاٹ کر ماحولیاتی اور خزانہ لوٹ کر معاشی آلودگی پھیلائی،کارکن شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں،عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن نے ہمیشہ ٓائندہ نسلوں کی فلاح و بہبود کیلئے کام کیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ٹیلی فون پر سینئر عہدیداروں اور رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کیلئے اقدامات کرنے کے حوالے سے قومی و بین الاقوامی اداروں کے تجزیے اور رپورٹس اپنی جگہ تاہم قرآن مجید نے بھی اس ضمن میں انسانیت کی مکمل رہنمائی کی ہے،قرآن مجید نے زمین کی زرخیزی اور سبزہ کو خوشحالی اور صحت مندی کی علامت قرار دیا ہے اور اللہ نے اسے اپنی نعمتوں میں شمار کیا ہے۔سورہ اعراف میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ زمین سے اللہ کے حکم پر خوب سبزہ نکلتا ہے جو زمین زرخیز نہیں ہوتی اس سے بے فائدہ چیز کے سوا کچھ نہیں نکلتا،اس لئے شجر کاری مہم چلانا اور بے کار زمین کو زرخیز بنانے کیلئے اپنا حصہ ڈالنا اللہ کے احکامات بجا لانے میں سے ایک عمل ہے اور اسی میں انسانیت کی بھلائی اور بہتری ہے۔

ڈاکٹر طاہر القادری

مزید : صفحہ آخر