عمران خان میں ملکی معاملات چلانے کی بصیرت نہیں ، سعید غنی
اسلام آباد (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے کہا ہے کہ انتخابی نتائج پر ڈاکہ ڈال کر عمران خان کو اقتدار میں لایا گیاہے، مگر کٹھ پتلی وزیراعظم کے پاس عقل اور بصیر ت ہی نہیں کہ وہ ملکی معاملات چلا سکیں ۔اتوار کو اپنے بیان میں سعید غنی نے کہا کہ پٹرول پر نئے ٹیکس کے ذریعے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے۔ گیس بلوں کی آڑ میں عمرانی لوٹ مار ہو رہی ہے۔ یہ سب کچھ کٹھ پتلی وزیراعظم کی مرضی سے ہو رہا ہے۔ گیس بلوں نے عوام کی چیخیں نکال دی ہیں۔ کٹھ پتلی وزیراعظم کی طرف سے تحقیقات کا حکم ڈرامے اور فراڈ کے سوا کچھ نہیں۔ سعید غنی نے کہا کہ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ بھی حکومتی بے شرمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کٹھ پتلی وزیراعظم کسانوں کا بھی معاشی قتل کر رہے ہیں۔ غریب کسان اپنی فصل کی منصفانہ قیمت نہ ملنے پر سخت پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے اور ضروریات زندگی کی چیزیں عوام کی پہنچ سے دور ہوگئی ہیں۔