5 ماہ میں 35 سال کا گند صاف نہیں کیا جاسکتا، فیصل واوڈا

5 ماہ میں 35 سال کا گند صاف نہیں کیا جاسکتا، فیصل واوڈا

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر برائے آبی وسائل اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ حکومت نے اقتدار میں آکر ایسے فیصلے کیے ہیں جو غیر معمولی تھے۔ایک انٹرویو میں فیصل واوڈا نے کہا کہ 5 ماہ میں 35 سال کا گند صاف نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ جس وقت حکومت ملی تو ملک کی بنیادیں ہل چکی تھیں اور تمام محکموں کی حالت ایسی تھی جسے انہیں قبر میں دفن کردیا گیا ہو۔انہوں نے کہاکہ اقتدار میں آنے سے پہلے ہمیں لگتا تھا ملک کو اربوں کا نقصان ہوا ہے تاہم بعد میں معلوم ہوا کہ یہ نقصان اربوں کا نہیں بلکہ کھربوں کا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اس صورتحال سے ملک کو باہر نکالنے کے لیے ہمارے پاس ایک آسان راستہ تھا کہ ہم قرضے لے لیتے مگر ہم اپنے وسائل کو استعمال کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے سخت فیصلہ کیا اور ملک کو معاشی طور پر مستحکم کرنے کیلئے ہمیں کڑوی گولی نگلنا پڑی۔فیصل واوڈا نے واضح کیا کہ چاہے حالات کتنے ہی خراب کیوں نہ ہوں، ہماری حکومت کا یہ فیصلہ ہے کہ ہم اب ملک میں کرپشن نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے اْمید ظاہر کی کہ وزیراعظم عمران خان جس پالیسی کو لے کر چل رہے ہیں اس کے اثرات ملک کیلئے مستقبل میں مثبت ثابت ہوں گے۔

، فیصل واوڈا

مزید : علاقائی