حکومت ملک میں سرسبز انقلاب کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے ‘ امان اﷲ دریشک

حکومت ملک میں سرسبز انقلاب کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے ‘ امان اﷲ دریشک

راجن پور( ڈسٹرکٹ رپورٹر) پلانٹ فار پاکستان ڈے کے حوالے سے شجر(بقیہ نمبر29صفحہ12پر )

کاری مہم کی تقریب کا انعقاد دانش سکول فاضل پور میں کیا گیا۔ جس میں ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب سردار فاروق امان اللہ دریشک نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ شجرکاری مہم کا افتتاح کرتے ہوئے سردار فاروق امان اللہ دریشک کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریکِ انصاف کی جانب سے بڑے پیمانے پر شجرکاری پروگرام ملک میں سرسبز انقلاب لانے کے لیے جنون کی شکل اختیارکرچکاہے۔ ملک کی آب و ہوا کو تروتازہ رکھنے اور ماحولیاتی آلودگی سے بچانے میں شجرکاری مہم کلیدی کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ :وہ دن دور نہیں جب پاکستان سرسبزوشاداب ملکوں میں سرِ فہرست ہوگا۔ پلانٹ فار پاکستان ڈے کے حوالے سے شجرکاری مہم کے تحت صوبہ بھر میں 6لاکھ مختلف ماحول دوست درخت لگائے جائیں گے۔ بعدازاں پرنسپل اور اساتذہ دانش سکول فاضل پور کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سردار فاروق امان اللہ دریشک کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی آلودگی کو کنٹرول کرنے میں دانش سکول فاضل پور کی جانب سے پلانٹ فار پاکستان ڈے اور موسمِ بہار کی شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا قابلِ ستائش ہے۔ دانش سکول فاضل پور کے طلباوطالبات ضلع راجن پور کے ماتھے کا جھومر ہیں ۔یہاں کا ٹیلنٹ دنیا کے کسی بھی ٹیلنٹ کا مقابلہ کرنے کی بھر پور صلاحیت رکھتا ہے ۔ اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے پرنسپل دانش سکول فاضل پور محمد اکرم نے بتایا کہ پلانٹ فار پاکستان ڈے کے حوالے سے شجرکاری مہم میں دانش سکول فاضل پور کی جانب سے حکومت کی جانب سے دیا گیا 6ہزار پودے لگانے کا ہدف مکمل کرلیا گیا ہے ۔شجرکاری مہم کے تحت بوائزوگرلزبلاکس اور ڈاکٹرعبداللہ پارک فاضل پور میں مختلف قسم کے ماحول دوست پودے لگائے گئے ہیں اور لگائے گئے پودوں کی خصوصی دیکھ بھال اور حفاظت کو یقینی بنایاجائے گا۔ دانش سکول فاضل پور کی طرف سے منعقدہ پلانٹ فار پاکستان ڈے کے حوالے سے شجرکاری مہم میں محکمہ جنگلات کے افسران نوید احمد، اسد خلیل خان مشوری و راحیل شفیع، دانش سکول کے اساتذہ وملازمین اور طلباء وطالبات نے شرکت کی۔

امان اﷲ دریشک

مزید : ملتان صفحہ آخر