ثنا ء اللہ کے دعوے سے سیاسی ہلچل ،(ق )لیگ نے من گھڑت قراردیدیا

ثنا ء اللہ کے دعوے سے سیاسی ہلچل ،(ق )لیگ نے من گھڑت قراردیدیا

لاہور( این این آئی) مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا ء اللہ خان کی جانب سے حکومت اور اتحادیوں کے 25سے 30اراکین پنجاب اسمبلی کے رابطوں کے دعوے نے سیاست میں ہلچل پیدا کر دی جبکہ مسلم لیگ (ق) نے دعوے کو من گھڑت قرار دیدیاہے ۔تفصیلات کے مطابق مشکل صورتحال سے دوچار مسلم لیگ (ن) کے رہنمارانا ثنا اللہ کی جانب سے حکومت اور اتحادی جماعت کے 25سے 30اراکین پنجاب اسمبلی کے رابطوں اور حمزہ شہباز کی وطن واپسی پر ملاقات کے بیان نے سیاست میں ہلچل پید اکر دی ہے ۔ اس بیان پر نہ صرف سیاسی حلقوں میں بحث ہو رہی ہے بلکہ مختلف افواہیں اور قیاس آرائیاں بھی شروع ہو گئی ہیں ۔مسلم لیگ (ق) کے سیکرٹری جنرل طارق بشیر چیمہ نے رانا ثنا اللہ کے دعوے کو من گھڑت قرار دیتے ہوئے کہا ہے پی ٹی آئی اور (ق) لیگ کا اتحاد بھی چلے گا اورپنجاب حکومت کو بھی کچھ نہیں ہوگا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ چوہدری پرویز الٰہی پر ایسا کوئی کیس نہیں کہ گرفتاری کا خدشہ ہو، یہ اتحاد چلے گا اور مسلم لیگ (ن) اور اس کے رہنماؤں کی تمام امیدوں پر پانی پھرنے والا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے فائدے اور نقصان کا اچھی طرح پتہ ہے اس لئے رانا ثنا اللہ کو فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں۔

مزید : کراچی صفحہ اول