بد اعمالیاں انسان کو جنت سے دور کر دیتی ہیں،عبدالقدیر اعوان

بد اعمالیاں انسان کو جنت سے دور کر دیتی ہیں،عبدالقدیر اعوان

لاہور(پ ر) ہم اپنے ہر عمل سے برزخ و آخرت میں اچھی یا بری تعمیر کر رہے ہیں۔نیک اعمال واتباع رسالتؐ سے ہم اپنے لیے جنت ،راحت و آرام حاصل کر رہے ہوتے ہیں اور گناہ اور بد اعمالیوں سے دوزخ کی آگ اور عذاب جمع کر رہے ہوتے ہیں۔اس سے ہماری دنیا کی زندگی بھی متاثر ہو رہی ہوتی ہے ۔کیونکہ آخرت کی زندگی کا اثر ہر لمحہ ہمیں یہاں ابھی محسوس ہو رہا ہوتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ و سربراہ تنظیم الاخوان پاکستان امیر عبدالقدیر اعوان نے مذہبی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ آپ ؐ اور صحابہ کرام کے دور میں بہت بڑے جلسہ ،واعظ اور تبلیغی دورے نہیں کیے جاتے تھے لیکن پھر بھی اسلام دنیا کے معلوم تین حصوں پر عملی طور پر نفاذ ہو چکا تھا ۔

اس کی سب سے بڑی وجہ یہ تھی جو انہوں نے سنا اس پر پورے خلوص کے ساتھ عمل کیا ۔آج ہم بیان کرنے والے اور سننے والے اُسی نشست تک محدود رہتے ہیں اُس کہے سنے پر عمل نہیں کرتے ۔یہی وجہ ہے کہ معاشرے میں تبدیلی نہیں آرہی ۔کیونکہ ہمارے قول و فعل میں تضاد ہے حالانکہ دین اسلام میں عہد کی پاسداری ،دیانت اور امانت پر پورا زور دیا جاتا ہے ۔اس کے لیے وہ نور ایمان درکار ہے جو نہاں خانہ دل سے ہر عمل کو اختیار کرنے پر مجبور کر دے ۔اسی عمل میں طاقت ہو گی جو معاشر ے میں مثبت تبدیلی لانے کا سبب بنے گا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1