ناجائز تعمیرات اور غیر قانونی رہائشی سکیموں کے خلاف مشترکہ آپریشن شروع

ناجائز تعمیرات اور غیر قانونی رہائشی سکیموں کے خلاف مشترکہ آپریشن شروع

لاہور( اپنے نمائندے سے)لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے محکمہ اینٹی کرپشن کی مشاورت سے شہر میں بنائی جانے والی ناجائز تعمیرات اور غیر قانونی رہائشی سکیموں کے خلاف مشترکہ آپریشن شروع کردیا۔اس مقصد کے لئے دونوں محکموں کے افسران پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔اتوارکولاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ٹاؤن پلاننگ ونگ کے عملے نے کینال روڈ پر وفاقی کالونی کے قریب واقع ایسٹرن مارکی سربمہر کردی جبکہ اس کے احاطے میں تعمیر شدہ پختہ تعمیرات مسمار کر دیں۔یہ مارکی تعمیراتی قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بنائی گئی تھی اور اس کا نقشہ ایل ڈی اے سے منظور نہیں کروایا گیا تھالاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور اینٹی کرپشن کے افسران پر مشتمل ایک آٹھ رکنی اعلیٰ اختیاراتی ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو ایل ڈی اے کے کنٹرولڈ ایریا میں ناجائز تعمیرات اور غیر قانونی رہائشی سکیموں کے خلاف کارروائی کر رہی ہے۔کمیٹی ڈپٹی ڈائریکٹر انویسٹی گیشن اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کی مشاورت سے ہر ہفتے کئے جانے والے آپریشنوں کے لئے لائحہ عمل مرتب کرتی ہے۔ اینٹی کرپشن کی طرف سے ناجائز تعمیرات اور غیرقانونی سکیموں کے بارے میں مہیا کی جانے والی معلومات کی ایل ڈی اے کے ریکارڈ سے تصدیق کرکے تعمیراتی قواعد کی خلاف ورزیاں ناقابل معافی ہونے کی صورت میں ان عمارتوں کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کے بعد مسماری عمل میں لائے جائیگی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1