نااہلوں کی حکومت رہی توملک کاستیاناس ہوجائیگا،رانا تنویر حسین

نااہلوں کی حکومت رہی توملک کاستیاناس ہوجائیگا،رانا تنویر حسین

فیروزوالہ (نمائندہ پاکستان) مسلم لیگ (ن) کے سینئررہنما راناتنویرحسین نے کہا نااہلوں کی حکومت رہی توملک کاستیاناس ہوجائیگا،کٹھ پتلی حکومت نے چھ ماہ کے دوران ہی ملک کی معیشت کا بیڑہ غرق کرکے رکھ دیاہے ۔حکومت کی طرف سے این آراورڈیل کی باتیں کی جارہی ہیں ،کس سے این آراومانگااورڈیل کی باتیں کیں ہلاکوخان اورسلطان راہی کے ڈائیلاگ کی بڑھکیں لگاکر پی ٹی آئی حکومت اپوزیشن کوخاموش نہیں کرسکتی ، ان خیالات کااظہارانہوں نے مسلم لیگ (ن) تحصیل فیروزوالہ کے نائب صدراوروائس چیئرمین بلدیہ فیروزوالہ چوہدری زمان بھلا کی طرف سے دیئے گئے ظہرانہ کی تقریب کے موقع پرمیڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر رکن پنجاب اسمبلی پیر محمداشرف رسول ،ایم پی اے میاں عبدالرؤف ،چیئرمین ضلع کونسل راناایم عتیق انور،پنجاب بارکونسل کے وائس چیرمین چوہدری شاہنوازایڈووکیٹ ،چوہدری شاہد بٹرایڈووکیٹ ،حاجی عرفان احمدبھلہ ایڈووکیٹ ،چوہدری کاشف علی ایڈووکیٹ ،عبدالقیوم بھٹی،بلدیہ فیروزوالہ کے چیئرمین حاجی ریاض احمدگجر کے علاوہ دیگرارکان بھی موجود تھے ۔

مسلم لیگ (ن) کے سینئررہنما اورایم این اے وسابق وفاقی وزیرراناتنویرحسین نے کہا کٹھ پتلی حکومت کی چھ ماہ میں ہی کارکردگی کھل کرعوام کے سامنے آگئی ہے ووٹ دینے والے اورووٹ لینے والے دونوں ہی پریشان ہیں اورحکومت کے اتحادی بھی پریشان ہیں،حکومت ملک وقوم پراحسان کرے کہ جس راستے سے آئی ہے اسی راستے سے واپس چلی جائے۔ملک چلانا ان کے بس کی بات نہیں ہے،ملک میں جتنی کرپشن آج ہورہی ہے اس کی سترسال میں مثال نہیں ملتی ،اداروں کو غلام بنانے کی کوشش کی جارہی ہے جس کی ہم ہرسطح پرمذمت کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا سارازوراپوزیشن کے خلاف لگایاجارہاہے جبکہ ان کی کارکردگی صفر ہے۔انہوں نے کہا پاکستان میں روزگارفراہم کرنے کا نعرہ لگانے والے حکمران روزگارفراہم کرنے کے بجائے لاکھوں افراد کو بیروزگارکرچکے ہیں ۔میاں نوازشریف کی بیماری کامذاق اڑانے والے اپنی ان حرکات سے بازرہیں ۔انہوں نے کہا مسلم لیگ ن عوامی خدمت سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے گی ترقی اور خوشحالی کے مشن پر گامزن رہتے ہوئے مسلم لیگ ن نے ہر دور میں عوام کی خدمت کو ترجیح دی ہے حکومت میں نہ ہونے کے باوجود مسلم لیگ ن عوام کے بہتر مستقبل کے لئے کوشاں ہے۔ میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کی زیر قیادت ملک بھر میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبے مکمل ہوئے جنہیں قوم ہمیشہ یاد رکھے گی دلوں کے حکمران نواز شریف عوام کے محبوب قائد ہیں، ان کے خلاف سازشوں کا جال بن کر انہیں مسلسل انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے تاہم عوام ان سازشوں کو ناکام بنا دیں گے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

باباجمیل گجر نمائندہ پاکستان فیروزوالہ

مزید : میٹروپولیٹن 1