لاہور ہائیکورٹ،شہبازشریف کی درخواست ضمانت کیلئے بنچ کی تبدیلی کیلئے نیب کی درخواست مسترد
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)لاہور ہائیکورٹ نے شہبازشریف کی درخواست ضمانت پر سماعت کرنے والے بینچ کی تبدیلی کیلئے دائر نیب کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس سردار شمیم نے نیب کی درخواست مسترد کرتے ہوئے حکم دیا کہ شہبازشریف کی درخواست ضمانت پر سماعت موجودہ بینچ ہی کرےگا ۔چیف جسٹس نے ریمارکس جاری کرتے ہوئے کہا کہ معذرت خواہ ہوں اب ایسا نہیں ہوتا،نیب پر پہلے بڑے الزامات لگ رہے ہیں، کیا اب درخواست ضمانت پر نیب اپنی مرضی کے بنچ بنوائے گا۔لاہور ہائیکورٹ نے نیب کے دلائل سننے کے بعد درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا جو کہ اب سنا دیا گیا ہے۔
چیف جسٹس سردار شمیم خان نے شہبازشریف کی درخواست ضمانت کیلئے بنچ کی تبدیلی کیلئے نیب کی درخواست پر سماعت کی،نیب کی جانب سے موقف اختیارکیا گیا ہے کہ درخواست جسٹس علی باقرنجفی پرمشتمل بنچ کوبھجوائی جائے،موجودہ بنچ شہبازشریف کی درخواست ضمانت پرسماعت نہیں کرسکتا۔جسٹس علی باقر نجفی کا بنچ شریک ملزموں کی درخواست ضمانت مسترد کر چکا ہے۔