خلیجی ممالک کے شاہی خاندان کے مزید12 افراد کو تلور کے شکار کے اجازت نامے جاری، ان میں کون کون شامل ہے اور کہاں شکار کھیلیں گے؟ تفصیلات منظرعام پر
اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے نایاب پرندے تلور کے شکار کے لیے اجازت نامے دینے کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے خلیجی ممالک کے شاہی خاندانوں کے افراد کو مزید 12 خصوصی اجازت نامے جاری کردیے۔
اعلیٰ سرکاری ذرائع کے مطابق وزارت خارجہ کی جانب سے جن افراد کو اجازت نامے دیے گئے ان میں سعودی عرب کے خطے تبوک کے گورنر، شہزادہ فہد بن سلطان عبدالعزیز السعود کو بلوچستان کے ضلع آوران، نوشکی(نوشکی شہر کے علاوہ)، چاغی (شمال مغربی حصے کے علاوہ)، اور شہزادہ منصور بن محمد عبدالحمٰن السعود کو ڈیرہ بگٹی اور سوئی کے علاقوں میں شکار کی اجازت دی گئی۔ڈان نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات(یو اے ای) کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ خلیفہ بن زیدالنہیان اور ولی عہدشیخ محمد بن زید النہیان کو پنجگور، خاران اور ژوب میں( قمر دین کاریز کے علاوہ) شکار کا اجازت نامہ دیا گیا۔اسی طرح یو اے ای کے صدر کے بیٹے اور سابق نائب وزیراعظم شیخ محمد بن خلیفہ بن زیدالنہیان کو لورالئی(دکی کے علاوہ)، ابوظہبی کے حکمران کے ترجمان شیخ ہمدان بن زید النہیان کو سبی کی تحصیل لہری اور یو اے ای کے نائب صدر اور وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم اور دبئی کے ولی عہد شیخ محمد بن ہمدان بن محمد بن راشدالمکتوم کو ضلع خضدار، لسبیلہ اور چاغی میں بلوچستان کے شمال مغربی علاقوں میں شکار کی اجازت دی گئی۔
رپورٹ کے مطابق قطر کے شیخ تمیم بن حماد بن خلیفہ کو ضلع واہشک، ان کے انکل شیخ جاسم حماد بن خلیفہ کو موسیٰ خیل، تحصیل درگ اور ضلع کچھی کی تحصیل میں شکار کرنے کا اجازت نامہ جاری کیا گیا۔قطر کے شاہی خاندان کی سپریم کونسل کے ایک رکن شیخ علی بن عبداللہ ثانی کو ضلع کیچ، شاہی خاندان کے ایک اور فرد شیخ فیصل بن نصیربن ہمدان کو قلعہ سیف اللہ، کاکڑ خراسان اور قمر دین کاریز میں، بحرین کی مسلح افواج کے کمانڈر ان چیف شیخ خلیفہ بن احمد الخلیفہ کو موسیٰ خیل میں تحصیل توائسر میں شکار کی اجازت دی گئی۔
ڈان نیوز کے مطابق اس کے ساتھ بحرین کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل شیخ راشد بن عبداللہ الخلیفہ کو ضلع جعفرآباد کے علاقوں میں بین الاقوامی سطح پر نایاب تصور کیے جانے والے پرندے تلور کا شکار کرنے کی اجازت دی گئی۔