اراکین قومی اسمبلی محسن داوڑ اور علی وزیر پر قتل کا الزام لگ گیا
پشاور (ڈیلی پاکستان آن لائن ) سکیورٹی فورسز کے حق میں بیان دینے پر قتل کئے جانیوالے ملک ماتوڑکے کے بھائی نے منظور پشتین ، محسن داوڑ اور علی وزیر سمیت 6افراد پر اپنے بھائی کو قتل کرنے کی ذمہ داری عائد کی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق تحصیلدار میرعلی نے ڈپٹی کمشنر کو رپورٹ جمع کروا دی،رپورٹ میں مقتول متوڑکے کے بھائی پرخے جان کا بیان بھی شامل ہے، دو تین ہفتے قبل حیات خان کی غلط بیان پر مبنی ویڈیو سامنے آئی تھی، پرخے جان کا کہنا ہے کہ وہ اس ویڈیو کے حوالے سے تمام دنیا کو اصل حقائق بتانا چاہتا تھالیکن پی ٹی ایم نے معاملہ میں شامل ہوکر میرا اور میرے بھائی کا گھر گرانے کی کوشش کی،ڈی آئی خان میں وزیرجرگہ کے ذریعہ ہمارے گھر گرانے کی کوشش کی گئی اورناکامی پر مجھے اور میرے بھائی کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئیں۔
رپورٹ کے مطابق پرخے خان نے کہاہے کہ9 فروری کو دو موٹرسائیکل سواروں نے نورنگ لکی مروت میں مجھ پر فائرنگ کی،اس فائرنگ سے میری جان بچ گئی،10 فروری کو میرے بھائی گل شماد خان عرف متورکئی کو شہید کردیاگیا ۔ انہوں نے کہا کہ میرے بھائی کے قتل کی ذمہ داری منظور پشتین،محسن داوڑ،علی وزیر، مالک نصراللہ پر عائد ہوتی ہے اور ان کے ساتھ ساتھ ڈاکٹر گل عالم اور عید رحمان بھی اس قتل میں ملوث ہیں، یہ تمام افراد غیرقانونی جرگے اور خیسور واقعہ کے ذمہ دار ہیں۔