”جو خاتون 4 بچے پیدا کرے گی اسے زندگی بھر کیلئے یہ انعام ملے گا“ یورپی ملک نے بچوں کی شرح پیدائش بڑھانے کیلئے ناقابل یقین اعلان کردیا

”جو خاتون 4 بچے پیدا کرے گی اسے زندگی بھر کیلئے یہ انعام ملے گا“ یورپی ملک نے ...
”جو خاتون 4 بچے پیدا کرے گی اسے زندگی بھر کیلئے یہ انعام ملے گا“ یورپی ملک نے بچوں کی شرح پیدائش بڑھانے کیلئے ناقابل یقین اعلان کردیا

  

بڈاپسٹ (ڈیلی پاکستان آن لائن) وسطی یورپ کے ملک ہنگری میں گرتی ہوئی شرح پیدائش کو بڑھانے کیلئے حکومت نے دلچسپ اعلان کیا ہے۔ حکومت کے اعلان کے مطابق ہر وہ خاتون جو 4 بچوں کو جنم دے گی اسے عمر بھر کیلئے انکم ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دے دیا جائے گا جبکہ حکومت اسے 7000 پاﺅنڈ (تقریباً ساڑھے 12 لاکھ روپے) مالیت کی 7 نشستوں والی گاڑی بھی فراہم کرے گی۔

ہنگری کے وزیر اعظم وکٹر اوربان نے اپنے سالانہ سٹیٹ آف دی یونین خطاب کے دوران شرح پیدائش میں اضافے کیلئے سکیم کا اعلان کیا۔ گزشتہ برس اپریل میں مسلسل تیسری بار ملک کے وزیراعظم منتخب ہونے والے وکٹر اوربان نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد ہنگرین قوم کا بقاءہے۔

کار کیلئے سبسڈی اور زندگی بھر انکم ٹیکس سے استثنیٰ کے علاوہ چار بچوں کی ماں کیلئے ایک کروڑ فورنٹس (تقریباً 50 لاکھ روپے پاکستانی) کا قرض بھی کم شرح سود پر فراہم کیا جائے گا۔ یہ سکیم ان خواتین پر لاگو ہوگی جن کی عمر 40 سال سے کم ہو اور وہ پہلی بار شادی کے بندھن میں بندھ رہی ہوں۔

2018 کے اعدادوشمار کے مطابق ہنگری کی آبادی 96 لاکھ 88 ہزار نفوس پر مشتمل تھی جو آج (11 فروری کو) کم ہو کر 96 لاکھ 68 ہزار ہوچکی ہے۔ وسطی یورپ کے اس ملک کی آبادی تیزی سے کم ہوتی جارہی ہے جس کی بڑی وجہ شرح پیدائش کا شرح اموات کے مقابلے میں کم ہونا ہے۔ 1985 میں ہنگری کی آبادی ایک کروڑ ساڑھے 5 لاکھ نفوس پر مشتمل تھی لیکن اس کے بعد سے ہنگری کو مسلسل آبادی میں کمی کا سامنا ہے۔

مزید : ڈیلی بائیٹس /بین الاقوامی