خواتین معاشی دھارے میں شمولیت کیلئے ہنر مند بنیں،فیصل آباد چیمبر

خواتین معاشی دھارے میں شمولیت کیلئے ہنر مند بنیں،فیصل آباد چیمبر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

فیصل آباد (کامرس ڈیسک )فیصل آباد وومن چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کاروباری خواتین کیلئے بزنس انکوبیشن سنٹر قائم کرنے کیلئے بھر پور کوششیں کر رہا ہے۔ یہ بات صدر فیصل آباد وومن چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری محترمہ قراۃ العین نے گورنمنٹ کالج وومن یونیورسٹی کی وائس چانسلر روبینہ فاروق سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ خواتین ہمارے معاشرے کا لازمی جزو ہیں لیکن آبادی میں 52فیصد کا حصہ ہونے کے باوجود انہیں معاشرتی، اخلاقی اور مقامی تعصبات کی وجہ سے معاشی سرگرمیوں سے الگ تھلگ رکھا جاتا ہے۔ انہوں نے خواتین کو پیشہ وارانہ مہارت سے آراستہ کرنے کیلئے تعلیم کو ضروری قرار دیا تاکہ خواتین کو معاشی دھارے میں شامل کیا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ نوجوان کاروباری خواتین کیلئے بزنس انکوبیشن سنٹر قائم کرنے کی تجویز زیر غور ہے جس کیلئے انڈسٹری اکیڈیمیا روابط ضروری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد وومن چیمبر انکوبیشن سنٹر کیلئے ایم تھری انڈسٹریل اسٹیٹ میں اراضی حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ خواتین تاجروں کی تیار کردہ مصنوعات کی نمائش کا اہتمام بھی کیا جارہا ہے تاکہ نہ صرف اُن کی حوصلہ افزائی ہو بلکہ قومی ترقی کی مجموعی رفتار کو بھی تیز کیا جا سکے۔ وائس چانسلر گورنمنٹ کالج ڈاکٹر روبینہ فاروق نے فیصل آباد وومن چیمبر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ بھی خواتین کو بااختیار بنانے والی کوششوں کا بھر پور ساتھ دیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ وہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن سے بھی درخواست کریں گی کہ وہ نوجوان لڑکیوں کو نوکریوں کے پیچھے بھاگنے کی بجائے کاروبار شروع کرنے کیلئے عملی اقدامات کی ترغیب دیں۔ اس موقع پر فیصل آباد وومن چیمبر کی ایگزیکٹو ممبر محترمہ عظمیٰ عابد بھی موجود تھیں۔

مزید :

کامرس -