ایل ڈی اے میں سیپ سافٹ ویئر سے موثر کام لیا جائے،سمیر سید

ایل ڈی اے میں سیپ سافٹ ویئر سے موثر کام لیا جائے،سمیر سید

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل سمیر احمد سید نے کہا ہے کہ ایل ڈی اے عوامی خدمت کا ادارہ ہے،شہریوں کو ریلیف دینے کے لئے ملازمین سے بہتر طور پر کام لینے اور مالی وسائل کا ضرورت کے مطابق بہترین استعمال یقینی بنانے کے لئے SAPسوفٹ ویئر سے موثر طور پر کام لیاجائے۔ سٹاف کے امورِ ملازمت اور مختلف طرح کی ادائیگیوں کو آسان اور شفاف بنانے کے لئے جامع ایس او پیز تیار کئے جائیں۔ اس کے علاوہ سوفٹ ویئر کے بہتر استعمال کے لئے مینوئل تیار کئے جائیں۔ڈائریکٹر جنرل نے SAPسوفٹ ویئر کے استعمال کو مزید بہتر کرنے کے لئے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل (ہیڈکوارٹرز)کی سربراہی میں چھ رکنی کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے۔

جس میں ڈائریکٹر کمپیوٹر سروسز،ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن،ڈائریکٹر فنانس، ڈائریکٹر کوآرڈی نیشن اور سوفٹ ویئر کے ماہرین شامل ہوں گے۔ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے انتظامی اور مالیاتی امور بین الاقوامی سطح کے ترقی یافتہ اداروں کی طرز پر انجام دینے کے لئے ایل ڈی اے میں سیپ سوفٹ ویئر سسٹم نافذ کیا گیاہے۔ ملک بھر کی ڈویلپمنٹ اتھارٹیز میں ایل ڈی اے پہلا ادارہ ہے جہاں ڈیٹا اور انفارمیشن مینجمنٹ کے لئے یہ سافٹ ویئر متعارف کروایا گیا ہے۔ اس سوفٹ ویئر کے ذریعے ملازمین کا سروس ریکارڈ‘تنخواہوں اور مراعات کی تفصیلات‘مختلف قسم کی فیسوں کی وصولی کے لئے جاری کئے جانے والے چالانوں اور وصول شدہ رقم کا مربوط ریکارڈ رکھا جا تاہے۔بینک کے ساتھ براہ راست منسلک ہونے کے باعث اس سسٹم کے ذریعے روزانہ جمع کروائی جانے والی رقوم کی فوری تصدیق بھی ممکن ہے۔