محکمہ خصوصی تعلیم اور ایجوکیشن یونیورسٹی تعلیمی اداروں کی ترقی کیلئے متحد

محکمہ خصوصی تعلیم اور ایجوکیشن یونیورسٹی تعلیمی اداروں کی ترقی کیلئے متحد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور( لیڈی رپورٹر) یونیورسٹی آف ایجوکیشن اور پنجاب حکومت کے محکمہ خصوصی تعلیم کے مابین مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کر دیئے گئے۔ اس حوالے سے ایک تقریب یونیورسٹی آف ایجوکیشن میں منعقد ہوئی مفاہمت کی اس یاداشت کے تحت دونوں فریقین خصوصی تعلیم کے اداروں کی مجموعی ترقی و بہتری کے لئے کوشیشیں کریں گے۔ یونیورسٹی آف ایجوکیشن میں ایک سنٹر آ ف ایکسیلینس قائم کیا جائے گا جس میں طلبہء سٹاف اور اساتذہ کی تربیت کا اہتمام کیا جائے گایونیورسٹی آف ایجوکیشن نصاب میں بہتری اور جدت کے حوالے سے سپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو ضروری مدد فراہم کرے گی۔ معاہدے کے تحت دونوں ادارے مختلف قسم کے سیمینارز اور تربیتی ورکشاپس کا بھی اہتمام کریں گے۔ یونیورسٹی آف ایجوکیشن کی طرف سے مفاہمت کی یاداشت پروائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا (ستارہ امتیاز) نے دستخط کئے۔

جبکہ محکمہ خصوصی تعلیم کی طرف سے محکمے کے سیکرٹری سید جاوید اقبال بخاری نے دستخط کئے۔ اس مو قع پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف ایجوکیشن نے اس یقین کا اظہار کیا کہ دونوں اداروں کے تعاون سے پنجاب بھر کے خصوصی اداروں میں ایک انقلاب برپا ہو جائے گا۔ سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن سید جاوید اقبال بخاری نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا کی ذاتی اور خصوصی دلچسپی کی وجہ سے آج ہم مفاہمت کی اس یاداشت پر دستخط کر رہے ہیں، ہمیں امید ہے کہ ہمارے باہمی تعاون کے نتیجے میں خصوصی بچوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلیاں رونما ہوں گی، انہیں بے پناہ سہولیات حاصل ہو سکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں پھیلے ہمارے 302 ادارے یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے تعاون سے ایک نئے دور میں داخل ہوں گے۔