شہباز شریف کا اسحق ڈار کی تعریف کرنا ملک کیساتھ مذاق، فیاض چوہان

شہباز شریف کا اسحق ڈار کی تعریف کرنا ملک کیساتھ مذاق، فیاض چوہان

  



لاہور (آن لائن) وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ شہباز شریف کی جانب سے اسحاق ڈار کی ملکی معیشت کیلئے خدمات کا اعتراف انتہائی مضحکہ خیز ہے۔ اگر ملک کا لوٹا ہوا پیسہ اپنے سیاسی آقاؤں کیلئے قانونی بنانا ملکی خدمت ہے تو اسحاق ڈار اس منشیانہ کام میں کماحقہ ماہر ہیں۔ اسحاق ڈار نادہندہ اور نیب کے کیسز میں عدالتوں کو مطلوب ہیں۔ دنیا بھر میں نادہندگان کی جائیداد قْرقی و نیلامی قانونی و آئینی عمل ہے لیکن موجود حکومت نے تو اسحاق ڈار کی جائیداد نیلام کرنے کی بجائے عام عوام کی فلاح کیلئے استعمال کرنا مناسب سمجھا۔ اسحاق ڈار نے ملک کو نہ صرف 24000 ارب کا مقروض کیا بلکہ آلِ شریف کے کالے دھن کو سفید اور جھوٹ کو سچ کی خدمات بخوبی سر انجام دیتے رہے، آلِ شریف کی منشی گیری کے چکر میں اسحاق ڈار نے ملکی معیشت کی کمر توڑ ڈالی اور وہ قوم کو معاشی نمبروں کے ہیر پھیر میں پھنسا کر رفو چکر ہو گئے۔الحمرا میں پنجاب پولیس امن کمیٹی کی جانب سے پولیس شہداء کے اعزاز میں منعقد ہ تقریب میں شرکاء سے خطاب میں وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا پاکستان میں امن و استحکام، دہشتگردی میں کمی، بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی جانب سے پاکستان میں سیاحت اور سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول کا قیام، بین الاقوامی ٹیموں کی پاکستان آمد شروع ہوئی ہے تو اس کے پیچھے افواجِ پاکستان اور پولیس جوانوں اور افسران کی انتھک محنت اور قربانیاں ہیں۔ آج یورپ اور امریکہ کی ملٹری و انتظامی اسٹیبلشمنٹ اپنے ممالک میں امن و سکون کا کریڈٹ پاکستان اور افواجِ پاکستان کو دیتے ہیں۔ گزشتہ حکومتوں نے صرف پاکستان سے کھربوں روپے کما کر بیرون ملک جائیدادیں بنائیں۔ آلِ شریف اور زرداری نے اقوامِ متحدہ، دولتِ مشترکہ سمیت کسی بین الاقوامی فورم پر مسئلہ کشمیر اور افواجِ پاکستان کی قربانیوں کا دفاع نہیں کیا، یہ سہرا صرف وزیرِ اعظم عمران خان کے سر جاتا ہے کہ آج اگر بازاروں میں کاروبار کی ریل پیل، تمام مذاہب اور مکاتبِ فکر کی عبادتگاہوں کا تقدس برقرار ہے۔

فیاض چوہان

مزید : صفحہ اول