حکومتی اتحاد میں غلط فہمیاں پیدا کرنیوالے ہاتھ ملتے رہ جائیں گے:عثمان بزدار

حکومتی اتحاد میں غلط فہمیاں پیدا کرنیوالے ہاتھ ملتے رہ جائیں گے:عثمان بزدار

  



لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ حکومتی اتحاد میں غلط فہمیاں پیدا کرنے والے ہاتھ ملتے رہ جائیں گے اور اتحاد آگے بڑھے گا، مسلم لیگ (ق) کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں اور چلتے رہیں گے، اتحادی جماعت کے ساتھ ورکنگ ریلیشن شپ کو بہتر بنانے کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان وزیراعلیٰ میں پارٹی کے سینئر رہنماؤں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، وزیر دفاع پرویز خٹک، وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اسد عمر اور وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود سے گفتگو کے دوران کیا۔پارٹی اجلاس میں اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) کے ساتھ ورکنگ ریلیشن شپ کو بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیااور پاکستان مسلم لیگ (ق) کے ساتھ مشاورت کا عمل جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں اتحادی جماعت کو ہر سطح پر ساتھ لے کر چلنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا کہ اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) کے ساتھ تعلقات کار کو مزید بہتر بنائیں گے اور ہمارا اتحاد ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں ہے جو برقرار رہے گا۔ وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ جو آس لگا کر بیٹھے ہیں انہیں مایوسی ہی ملے گی۔ اتحادی اور ہم ایک ہیں اور ایک رہیں گے اور ہماری ورکنگ ریلیشن مستقبل میں مزید مضبوط ہوگی۔ وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اسد عمر نے کہا کہ مل کر عوام کے مسائل حل کریں گے۔ اتحادیوں کے ساتھ تمام معاملات افہام و تفہیم سے حل کر لئے جائیں گے۔ پاکستان مسلم لیگ(ق) کے تحفظات دورکریں گے،تعاون جاری رہے گا۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ ہمارا مقصد عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینا ہے اور اس ضمن میں اتحادی ہمارے ساتھ ہیں اور جہاں کوئی مسئلہ ہے اسے مل بیٹھ کر حل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد میں رخنہ ڈالنے کی خواہش دلوں میں ہی رہ جائے گی۔درٰ اثناء وزیراعلیٰ پنجاب سے گورنر چودھری محمد سرورنے ملاقات کی،جس میں ترقیاتی منصوبوں، فلاح عامہ کیلئے کئے جانے والے اقدامات اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماضی کا کرپٹ پاکستان دفن ہو چکا ہے اور اب وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں شفاف پاکستان پروان چڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس کرپشن بچاؤ کے سوا کوئی ایجنڈا نہیں لہٰذا سیاسی یتیموں کو پہلے کی طرح اب بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ مہنگائی پر قابو پانے کیلئے انتظامیہ کو متحرک کر دیا،عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔گورنر چوہدری محمد سرور نے کہا کہ ہم مل کر صوبے کے عوام کی خدمت کے سفر کو آگے بڑھائیں گے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے قومی کرکٹ ٹیم کو بنگلہ دیش کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ جیتنے اورنوجوان باؤلر نسیم شاہ کو ہیٹرک پر مبارکباد دی ہے۔

سردارعثمان بزدار

مزید : صفحہ اول