پاکستانی ادارے ملکی قوت اور عمران خان قوم کی پہچان ہیں:فردوس عاشق

پاکستانی ادارے ملکی قوت اور عمران خان قوم کی پہچان ہیں:فردوس عاشق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان کے ادارے ملک کی قوت اور عمران خان قوم کی پہچان ہیں، مولانا فضل الرحمن کی بہکی بہکی باتیں ان کی مایوسی کا واضح اظہار ہیں۔معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا محسوس ہوتا ہے کہ آزادی مارچ کی ناکامی کا صدمہ مولانا صاحب برداشت نہیں کر پائے، اپنی اور اپنے کارکنان کی توانائیاں مزید ضائع کرنے کی بجائے 2023 تک آرام کریں، مولانا آپ آزادی مارچ میں حکومت ختم کرنے نکلے تھے لیکن حکومت مزید مضبوط ہو گئی، آپ کا کندھا استعمال کرنے والے لندن پہنچ چکے ہیں، مولانا صاحب ایک سیٹ کی خاطر کیوں خود کو رسوا کرنے پر تلے ہوئے ہیں؟۔فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا مہنگائی پر سیاست کرنے والی اپوزیشن قوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس کر دے تو عوام کو کافی حد تک ریلیف مل سکتا ہے، عمران خان دشمنی اور اقتدار کی ہوس میں یہ اندھے ہو چکے ہیں، عوام نے انتخابات میں جن کی کشتی ڈبوئی تھی وہ اقتدار کی کشتی سے محرومی کا غم کسی اور طرح دور کریں، ذاتی ریلیف کیلئے عوام کے ریلیف کا واویلا مچانے والوں کو قوم خوب جانتی ہے، ان کا بویا ہوا آج مہنگائی کی صورت پوری قوم کاٹ رہی ہے۔علاوہ ازیں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حکومت رئیل اسٹیٹ کی اہمیت سے آگاہ ہے،پاکستانی معیشت کا پہیہ رئیل سٹیٹ سیکٹر سے ہی جڑا ہے، رئیل اسٹیٹ سیکٹر پر گین ٹیکس کو 2فیصد سے کم کر کے ایک فیصد کر دیا گیا، غریب کو چھت مہیا کرنا حکومت کا اولین مقصد ہے، نادارافراد کو گھروں کی فراہمی رئیل اسٹیٹ سیکٹرز کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں،حکومت ہاؤسنگ کے شعبے میں حائل رکاوٹوں کو جلد حل کرے گی۔انہوں نے کہا کہ رئیل ا سٹیٹ کا شعبہ بھی بدعنوانی سے نہ بچ سکا، رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں چند افراد نے خود کو اداروں سے زیادہ طاقتور کرلیا تھا، رئیل ا سٹیٹ اور تعمیرات سے جڑے مسائل کے حل کیلئے ٹربیونل تشکیل دیا جا رہا ہے، ٹربیونلز کی تشکیل سے سستا اور جلد انصاف مہیا ہوسکے گا، شفافیت کیلئے ڈیجیٹلائزیشن نظام کو متعارف کرایا جا رہا ہے، ہاؤسنگ کے مختلف شعبوں کو بینک سے منسلک کیا جائے گا، مافیا نے اشیائے ضروریہ ذخیرہ کر کے مصنوعی قلت پیدا کی، مافیا کی گھناؤنی سازش سے رئیل اسٹیٹ کے پیسے سے لوگوں نے اشیائے ضروریہ ذخیرہ کیں، سازشی عناصر کا بیانیہ انارکی پر مبنی ہے، وہ ملک کو ترقی کرتا نہیں دیکھ سکتے،عوام سیاسی پنجہ آزمائی سے تنگ ہے، وہ فلاحی کام چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی عوام نے مولانا فضل الرحمن کا بیانیہ مسترد کر دیا تھا، حکومت کی کارکردگی کا جائزہ عوام کا حق ہے کسی اور کا نہیں جبکہ منتخب حکومت گرانے کی کوشش بغاوت کے مترادف ہے، وہ لوگ جنہیں عوام مسترد کر چکی ہے وہ پہلے منتخب ہوں پھر کوئی مطالبہ کریں۔
فردوس عاشق اعوان

مزید :

صفحہ اول -