کبڈی ورلڈ کپ2020ء،بھارت،ایران اور آسٹریلیا دوسرے روز کے فاتح

  کبڈی ورلڈ کپ2020ء،بھارت،ایران اور آسٹریلیا دوسرے روز کے فاتح

  



لاہور (سپورٹس رپورٹر) کبڈی ورلڈ کپ 2020ء کے مقابلے دوسرے روز بھی جاری رہے، پنجاب سٹیڈیم میں پیر کے روز پہلا میچ بھارت اور جرمنی کی ٹیموں کے درمیان ہوا، بھارت کی ٹیم جرمن کھلاڑیوں پر چھائی رہی، بھارت نے جرمنی کی ٹیم کو 62-28سے ہرادیا، دوسرے میچ میں ایران نے انگلینڈ کو 57-27سے شکست دی جبکہ تیسرے میچ میں آسٹریلیا نے کینیڈا کی ٹیم کو 48-37سے ہرادیا۔ پہلے میچ میں بھارت کے کھلاڑیوں نے جرمن کھلاڑیوں کو بے بس کرکے شائقین سے بھرپور دادوصول کی، شائقین کبڈی کی بڑی تعداد نے پنجاب سٹیڈیم میں مقابلوں کو دیکھا۔ ایران اور انگلینڈ کے درمیان میچ کو ایرانی قونصل جنرل محمد رضا ناظری نے بھی دیکھا۔قبل ازیں سیکرٹری سپورٹس پنجاب احسان بھٹہ، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشداولکھ اور کبڈی فیڈریشن کے صدر چودھری شافع حسین نے ایرانی قونصل جنرل کا پنجاب سٹیڈیم آمد پر پرتپاک استقبال کیا۔بعدازاں محمد رضا ناظری، احسان بھٹہ اور عدنان ارشداولکھ کے ہمراہ گراؤنڈ میں جاکر کھلاڑیوں سے ملے اور میچ جیتنے پر ایرانی ٹیم کو مبارکباد دی۔پنجاب سٹیڈیم میں آج تین میچز کھیلے جائیں گے، پہلا میچ سہ پہر ساڑھے تین بجے آسٹریلیا اور آذربائیجان، دوسرا میچ شام پونے پانچ بجے انگلینڈ اور جرمنی جبکہ تیسرا میچ سیرا لیون اور بھارت کے درمیان شام 6بجے ہوگا۔

کبڈی ورلڈ کپ

مزید : صفحہ اول