حکومت ناقدین کو جھوٹے مقدمات میں پھنسا رہی ہے،رانا مشہود
لاہور (نامہ نگار خصوصی)مسلم لیگ (ن)کے رہنماء رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ حکومت کے انتقامی ہتھکنڈے ختم ہونے والے ہیں، ان کے جانے کا وقت قریب ہے۔ لاہور ہائیکورٹ بار میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نرانا مشہود نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی حکومت ریلیف دے نہیں سکتی، اس نے عوام کے لئے دو وقت کی روٹی مشکل بنا دی ہے۔ یہ حکومت مخالف جماعتوں سے سیاسی انتقام لینا جانتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی نشاندہی کرنیوالوں کو انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، ناقدین کو جھوٹے مقدمات میں پھنسانے کے منصوبے بنائے جاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار نے ملک کی معیشت کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کیا، جس دلدل میں حکمرانوں نے ملک کو پھنسا دیا ہے، انہیں چاہیے تھا کہ اسحاق ڈار سے مشاورت کرتے، حکومت شریف خاندان کے خلاف انتقامی مقدمات قائم کر رہی ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت کے انتقامی ہتھکنڈے ختم ہونے والے ہیں اور ان کے جانے کا وقت قریب ہے۔
رانا مشہود