خورشید شاہ کی ضمانت کیخلاف نیب اپیل کی سماعت 24 فروری تک ملتوی

خورشید شاہ کی ضمانت کیخلاف نیب اپیل کی سماعت 24 فروری تک ملتوی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


سکھر(آئی این پی)سندھ ہائی کورٹ سکھر بنچ نے پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما خورشید شاہ کی ضمانت کیخلاف درخواست کی سماعت 24 فرو ری تک ملتوی کردی، سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر اور خورشید شاہ کے وکلاء کے دلائل کافی دیر جاری رہے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ سکھر کے خصوصی بنچ نے پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ کی نیب عدالت سے پچاس لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرنے کیخلاف نیب سکھر کی جانب سے دائر کی گئی منسوخی ضمانت کی درخواست کی سماعت کی۔ سماعت پر خورشید شاہ کے صاحبزادے ایم پی اے سید فرخ شاہ، زیرک شاہ،صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سید اویس قادر شاہ اور مشیر جیل خانہ جات سندھ اعجاز جکھرانی بھی عدالت میں موجود تھے۔ سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر نے عدالت سے استدعا کی کہ خورشید شاہ کو ضمانت پر رہا نہ کیا جائے، پیپلزپارٹی رہنما سمیت اٹھارہ افراد کیخلاف نیب عدالت میں ریفرنس زیر سماعت ہے، جس پر خورشید شاہ کے وکیل مکیش کمار کارڑا نے دلائل دیتے ہو ئے کہا نیب نے خورشید شاہ کو 90 روز تک ریمانڈ میں رکھا لیکن کچھ ثابت نہیں کرسکا جس پر عدالت نے انہیں پچاس لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ان کی ضمانت منظور کی تھی تاہم ہم نے مچلکے جمع کرانے کی کوشش کی لیکن مچلکے جمع نہیں کیے گئے،نیب کی جانب سے کیے جانیوالے اعتراضات بلاجواز ہیں۔سندھ ہائی کورٹ سکھر بنچ نے دونوں اطراف کے دلائل سننے کے بعد درخواست کی سماعت 24 فروری تک ملتوی کردی۔
خورشید شاہ

مزید :

صفحہ آخر -