زلفی بخاری کی ووہان میں پاکستانی طلبہ سے ملاقات کی خواہش

  زلفی بخاری کی ووہان میں پاکستانی طلبہ سے ملاقات کی خواہش

  



اسلام آباد(آئی این پی)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز زلفی بخاری نے چین کے سفیر یاؤ جنگ سے اہم ملاقات کی اور ووہان میں پھنسے پاکستانی طلبہ سے وہاں ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا۔ چینی سفیر نے زلفی بخاری کو چین کا سفر نہ کرنے کا مشورہ د یتے ہوئے کہا چین میں موجود پاکستانی ہمارے مہمان ہیں جن کی حفاظت و دیکھ بھال پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، پاکستانی بھائیوں کی نگہداشت میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑیں گے، جامع اور خصوصی اقدامات کے باعث کرونا وائرس کیخلاف مدافعت میں کامیابی مل رہی ہے، جلد وزیراعظم کے معاون خصوصی سمیت دیگر حکومتی زعماء کا چین میں خیر مقدم کریں گے۔پیر کو پی ٹی آئی مرکزی میڈیا سیل کے مطابق کرونا وائرس کے بعد چین میں پھنسے پاکستانیوں کی دیکھ بھال کے معاملے پروزیراعظم کے معاون خصوصی سمندر پار پاکستانیز زلفی بخاری نے چین کے سفیر یاؤ جنگ سے اہم ملاقات کی،مشیر صحت ڈاکٹر ظفر مرزا بھی ملاقات میں موجود تھے۔چین میں موجود پاکستانیوں کی صحت و سلامتی کے حوالے سے اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔چین کی جامعات میں موجود پاکستانی طلبہ کے تحفظ کے حوالے سے خصوصی بات چیت کی گئی اورچین کے شہر ووہان میں موجود پاکستانیوں کو خوراک سمیت دیگر فراہم کی جانیوالی سہولیات کا بھی جائزہ لیا گیا۔زلفی بخاری کی جا نب سے ذاتی طور پر ووہان جانے اور وہاں موجود طلبہ سمیت پاکستانیوں سے ملاقات پر اصرار کیا اور کہا کرونا وائرس کے تدارک اور پاکستا نی شہریوں کی حفاظت کیلئے چینی حکومت کے اقدامات قابل تحسین ہیں،پورا یقین ہے چین کرونا وائرس سے جنم لینے والے چیلنج سے کامیابی سے نمٹ لے گا، قوم چین میں موجود بیٹے بیٹیوں کی سلامتی و تحفظ کیلئے فکر مند ہے،چاہتا ہوں ذاتی طور پر چین خصوصاً ووہان جاؤں اور اپنے بہن بھائیوں سے ملوں۔چینی سفیر نے زلفی بخاری کو چین کا سفر نہ کرنے کا مشورہ دیا اور کہا چین میں موجود پاکستانی ہمارے مہمان ہیں جن کی حفاظت و دیکھ بھال اورنگہداشت میں کوئی کسر باقی نہ چھوڑیں گے، پاکستان اور چین میں موجود پاکستانی شہریوں نے آزمائش کی اس گھڑی میں چینی قوم کا بھرپور ساتھ دیا،جامع اور خصوصی اقدامات کے باعث کرونا وائرس کیخلاف مدافعت میں کامیابی مل رہی ہے، قوی یقین ہے جلد اس مشکل سے نجات پا لیں گے اورآپ سمیت دیگر حکومتی زعماء کا چین میں خیر مقدم کریں گے۔

چینی سفیر

مزید : صفحہ آخر