استحصالی معاشی اور طبقاتی تعلیمی نظام سے عوام مایوس ہو گئے:سراج الحق

استحصالی معاشی اور طبقاتی تعلیمی نظام سے عوام مایوس ہو گئے:سراج الحق

  



کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کراچی سے چترال تک ترقی کا پہیہ رُک گیا،موجودہ حکومت نے کوئی نیا ترقیاتی منصوبہ شروع نہیں کیا،حکومت کی جانب سے تقریروں کے علاوہ کوئی عملی اقدامات نظر نہیں آرہے، حکومت نے قومی اداروں کو فروخت کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، ان میں سے ایک اسٹیل مل بھی ہے، آئی ایم ایف ہمارے قومی اثاثے بھی ہم سے چھیننا چاہتا ہے،ملک کا ترقی بجٹ 700ارب روپے ہیں، حکومت اسے بھی خسارے کے نذر کرنا چاہتی ہے گزشتہ 18ماہ میں 300سے زائد چھوٹے بڑے کاکارخانے بند ہوگئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نجی یونیورسٹی میں ”کرنٹ افیئر“ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن،یونیورسٹی کے وائس چانسلر خالد امین، سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری اور دیگر موجود تھے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ملک میں سوا 2کروڑ سے زائد بچے تعلیم سے محروم ہیں، سودی نظام کی موجودگی میں پاکستان ترقی نہیں کرسکتا، ملک میں اسلامی نظام کونافذ نہیں کیا جا رہا،حکومت کے اپنے اعداد و شمار کے مطابق مزید 40لاکھ افراد غربت کی لکیر سے نیچے آگئے ہیں، مسلسل غربت میں اضافہ ہورہا ہے، حکومت غربت ختم کرنے اور قرضے نہ لینے کے نعرے لگا کر اقتدار میں آتی ہے مگر جب جاتی ہے تو قرضوں کے انبار لگاکر اور غربت، مہنگائی اور بے روزگاری میں کئی گنا اضافہ کرکے جاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایک اسلامی و فلاحی ریاست بنا کر ہی ملکی ترقی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے، ملک میں رائج استحصالی معاشی اور طبقاتی تعلیمی نظام کی وجہ سے عوام کے اندر سخت مایوسی اور بے چینی پائی جاتی ہے۔ عوام کو اس مایوسی سے نکالنے کے لیے ضروری ہے کہ ملک میں اسلام کا منصفانہ اور عادلانہ نظام نافذ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک و قوم کو معیشت سمیت مختلف بحرانوں کا سامنا ہے،تعلیم،صحت اور معیشت کے شعبے ناکامی کی تصویر بنے ہوئے ہیں،لاکھوں نوجوان اعلیٰ تعلیم کے باوجود بے روزگاری کی وجہ سے پریشان ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت 300ارب روپے کا منی بجٹ لانے کا پروگرام بنا رہی ہے، ہر طبقہ معیشت سے متاثر ہوتا ہے، چاروں طرف مایوسی ہے، اخبارات میں مایوس کن خبریں ہیں، سراج الحق نے کہا کہ اگر ہم سود کے بجائے زکواۃ کی صحیح طرح ادائیگی کریں تو پاکستان دوسروں کو قرضہ دینے والا ملک بن جائے گا،قرضوں او ر سود کی معیشت سے تائب ہوکر اسلام کے زکوٰۃپر مبنی نظام معیشت کو اختیار کیا جائے اور خود انحصاری کا باعزت راستہ اختیار کیا جائے۔ مستقبل کا معاشی نظام سود سے پاک ہوگا اور اسلامی معاشی نظام ہی انسانیت کی بھلائی ہے، سود لینا اللہ اور اس کے رسولؐسے جنگ ہے، لیکن حکومت کہتی ہے سود کے بغیر ملک کیسے چلے گا۔

مزید : صفحہ اول