کیلیفورنیا سدرن یونیورسٹی کے وفد کی گورنر سندھ سے ملاقات

  کیلیفورنیا سدرن یونیورسٹی کے وفد کی گورنر سندھ سے ملاقات

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر)کیلیفورنیا سدرن یونیورسٹی کی صدر ڈاکٹر گوین فن سٹون اور CALPAK کی بانی انیلہ علی کی زیر قیادت وفد نے گورنر سندھ ڈاکٹر عمران اسماعیل سے ملاقات کی۔پاکستان میں پسماندہ آبادیوں کو تعلیم اور روزگار کی فراہمی کیلئے 2017ء میں قائم کردہ CALSouthern-CALPAK کے اشتراک نے پائیدار ترقیاتی اہداف کی جانب مثبت اثرات حاصل کئے جس میں معیاری تعلیم، صاف پانی اور توانائی تک رسائی میں اضافہ شامل ہیں۔ملاقات کے دوران دونوں اطراف نے پاکستان کے تعلیمی نظام اور اسکولوں میں بچیوں کے داخلہ میں اضافہ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس وقت تک CALPAK نے CALsouthern کے سپانسرز کے تعاون سے قرطبہ اور تھرپارکر میں دو اسکولوں کا افتتاح کیا ہے۔ ڈاکٹر فن سٹون نے پاکستان میں تعلیم کے شعبہ کو فروغ دینے کے حوالے سے تعاون پر JS بینک کے چیف آف اسٹاف عمران حلیم شیخ سے بھی ملاقات کی۔ملاقات کے دوران عمران شیخ نے کہا کہ ڈاکٹر فن سٹون اور مس انیلہ نے تعلیم کے شعبہ میں مثبت تبدیلی لانے کے عمل کو بہتر کرنے میں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کی تعلیم پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے جے ایس بینک پورے معاشرے میں اثرات کو بڑھانے کے لئے کام کر رہا ہے۔ عمران اسماعیل نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ خواتین کی تعلیم کو فعال کرنے اور قومی معیشت میں ان کے کردار کو بڑھانے کے لئے ہماری مہم میں ایک اور قدم ہے۔ خواتین ہماری زندگی اور ثقافت کا اہم حصہ ہیں۔ CalSouthern۔ CALPAK کے اشتراک کی طرح اداروں کے ساتھ منسلک ہو کر ہم خواتین کو ترقی دینے اور مستقبل کا لیڈر بننے کیلئے ایک پلیٹ فارم مہیاء کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر گیون فن اسٹون نے کہا کہ گورنر کے ساتھ ہماری ملاقات انتہائی نتیجہ خیز رہی ہے۔ وہ ایک ایسے شخص ہیں جو اپنے ملک اور بالخصوص اپنے صوبے کے عوام کا خیال رکھتے ہیں۔ انہوں نے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ہم تعلیم اور خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے ان کی کوششوں پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے پرعزم رہتے ہوئے CalSouthern-CALPAK پاکستان میں محروم طبقے کو تعلیم کی فراہمی جاری رکھیں گے۔

مزید : صفحہ اول