کوآپریٹو سوسائٹیوں میں بدعنوانی برداشت نہیں،جام اکرام دھاریجو

کوآپریٹو سوسائٹیوں میں بدعنوانی برداشت نہیں،جام اکرام دھاریجو

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ کے وزیر صنعت و تجارت،کوآپریٹواور انسداد بدعنوانی جام اکرام اللہ دھاریجو نے متعلقہ افسران کوہدایت کی ہے کہ وہ کوآپریٹو سوسائٹیوں میں بے ضابطگیاں اور بدعنوانی سے متعلق ریفرنس نیب، اینٹی کرپشن اور ایف آئی اے کو بھجیں۔ یہ بات انہوں نے پیر کو اپنے دفتر میں جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ سیکرٹری کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ اختر عنایت بھرگڑی،رجسٹرار کوآپریٹو ڈپارٹمنٹ سہیل بلوچ اور دیگر افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ نیب، اینٹی کرپشن اور ایف آئی اے میں متعدد انکوائریاں چل رہی ہیں۔ صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو نے انہیں تحقیقاتی ایجنسیوں کے ساتھ تعاون کرنے کی ہدایت کی تاکہ لوگوں کو بروقت انصاف مل سکے۔ انہوں نے ان افراد کے خلاف بھی ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت کی جو مالی بے ضابطگیوں میں ملوث پائے گئے ہیں اور عملے کے خلاف بھی کاروائی کریں اگر وہ بدعنوانی میں ملوث ہیں اور جلد سے جلد داخلی تفتیش مکمل کریں۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے مزید کہا کہ محکمہ غیر مجاز کوآپریٹو سوسائٹیوں پر نظر رکھیں اور خاموش تماشائی بن کر نہ بیٹھے'۔ انہوں نے ان سے شکایت مرکز قائم کرنے اور شکایات کا صحیح طریقے سے ریکارڈ رکھنے اور انہیں بروقت نمٹانے کی بھی ہدایت کی۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت اور کوآپریٹو محکمہ اور انسداد بدعنوانی جام اکرام اللہ دھاریجو نے ان کو ہدایت کی کہ وہ کوآپریٹو ہاسنگ سوسائٹیز کا صحیح اعداد و شمار برقرار رکھنے اور کوآپریٹو ہاسنگ سوسائٹیوں کے باقاعدہ آڈٹ کو یقینی بنانے کے لئے کوآپریٹو سوسائٹیوں پر ایک سافٹ ویئر تیار کریں۔ انہوں نے انہیں متنبہ کیا کہ وہ کسی بھی سست رویے کو برداشت نہیں کریں گے اور اگر کسی بھی بدعنوانی کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور جو بھی اس میں ملوث ہوگا اس کو بھی نہیں بخشا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کوآپریٹو سوسائٹیوں میں زمینوں پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف مناسب کارروائی کی جانی چاہئے اور اگر ضرورت ہو تو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد لیں۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے ان سے کہا کہ وہ ان کوآپریٹو سوسائٹیوں کے خلاف کارروائی کریں جن میں انتخابات باقاعدگی سے نہیں ہورہے ہیں۔

مزید : صفحہ آخر