ذلفی بخاری نے اوورسیز پاکستانیوں کے دل جیت لئے،بڑا اعلان کر دیا

ذلفی بخاری نے اوورسیز پاکستانیوں کے دل جیت لئے،بڑا اعلان کر دیا
ذلفی بخاری نے اوورسیز پاکستانیوں کے دل جیت لئے،بڑا اعلان کر دیا

  



اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر اعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے کہا ہے کہ  اوورسیزپاکستانیوں کی عمران خان سے بہت امیدیں قائم ہیں،دیار غیر میں محنت مشقت کے ساتھ  پیسہ کمانے والے محب وطن پاکستانی حکومت کے نزدیک وی آئی پی کا درجہ رکھتے ہیں،سعودی عرب سمیت دیگر ممالک میں بسنے والے پاکستانیوں کو اپنے ملک  میں سرمایہ کاری کے لئے خصوصی پروٹوکول دیا جائے گا ،ایف بی آر اور نیب کے وہ افسران جو اورسیز پاکستانیوں کو  ملک میں سرمایہ  کاری کرنے میں رکاوٹیں  کھڑی کرنے میں ملوث پائے گئے ،حکومت ایسے عناصر کے ساتھ سختی سے نبٹے گی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں واقع اپنے آفس میں گذشتہ تین دہائیوں سے سعودی عرب میں تعمیراتی شعبے میں وطن عزیز کا نام روشن کرنے والے ممتاز  پاکستانی سرمایہ کار سردار عبد الکریم کھوسہ سے خصوصی ملاقات کرتے ہوئے ذلفی بخاری کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت پاکستان کو اقتصادی طاقت بنانے کیلئے پرعزم ہے،اوورسیز پاکستانی پاکستان کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں،ان کو حکومت  کی جانب سے سہولیات فراہم کی جائیں گی نہ کہ اپنے دیس میں سرمایہ کاری کرنے والے اورسیز پاکستانیوں کو ماضی کی طرح کسی مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔سید ذلفی بخاری نے کہا کہ سردار عبد الکریم کھوسہ جیسے محب وطن پاکستانی اس ملک کا  اثاثہ ہیں،اِنہوں نے سعودی عرب میں تعمیراتی شعبے میں پاکستان کا نام روشن کیا اور اب یہ پاکستان میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری کر رہے ہیں ،دیار غیر میں بسنے والے ایسے لاکھوں پاکستانیوں نے وزیر اعظم عمران خان  سے پاکستان کو دنیا کا عظیم ملک بنانے کی  امیدیں وابستہ کی ہوئی ہیں،وزیر اعظم عمران خان اوورسیز پاکستانیوں کی امیدیں ٹوٹنے نہیں دیں گے اور وہ وقت قریب ہے جب پاکستان کا شمار دنیا کے ترقی یافتہ ملکوں میں ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں بسنے والے لاکھوں پاکستانی محنت مزدوری کر کےسرمایہ اکٹھا کرتے اور پھر اپنے ملک بھیجتے ہیں ،سعودی عرب سے قانونی طریقے سے بھیجے جانے والے سرمائے کی ترسیل میں کسی رکاوٹ کو برداشت نہیں کیا جائے گا ،تحریک انصاف کی حکومت بیرون ملک مقیم اُن  پاکستانیوں کو زیادہ سے زیادہ مراعات دینا چاہتی ہے جو بینکوں کے ذریعے رقوم پاکستان بھیجتے ہیں۔

اس موقع پرسردار عبد الکریم کھوسہ نےوزیراعظم کےمعاون خصوصی برائےسمندرپارپاکستانیز زلفی بخاری کا شکریہ ادا کرتےہوئےکہاکہ ماضی کی حکومتوں نے اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ نا مناسب سلوک روا رکھا جسکی وجہ سے سمندرپار بسنے والے پاکستانی دلبرداشتہ تھے،ہم باہر سے پیسہ کما کر اپنے دیس میں سرمایہ کاری کرنا چاہیں تو اداروں کی جانب سے بلاجواز انکوائریوں اور ڈرانے دھمکانے کی وجہ سے ہزاروں ایسے سرمایہ کار ہیں جو اپنے وطن میں سرمایہ کاری کرنے سے ڈرتے ہیں تاہم ذلفی بخاری نے ہمارے تمام تحفظات کو انتہائی دلچسپی سے سنا اور یقین دلایا ہے کہ وہ اس سلسلہ میں ترجیحی بنیادوں پر کام کریں گے اور ایف بی آر سمیت کوئی بھی ادارہ سمندر پار پاکستانیوں کے حوالے سے کسی کو بلیک میل نہیں کر سکے گا ۔سردار عبد الکریم کھوسہ نے ذلفی بخاری کی جانب سے کرائی جانے والی یقین دہانیوں کو انتہائی خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو حکومت اپنے منشور کے مطابق سہولیات فراہم کرنے میں کامیاب ہو گئی تو پھر ہمیں آئی ایم ایف سمیت کسی دوسرے ملک کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلانے پڑیں گے ۔

مزید : علاقائی /اسلام آباد