”ہم پاکستان میں ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ نہیں کھیلیں گے کیونکہ۔۔۔“ بھارت میں خوشی خوشی گلابی گیند سے ٹیسٹ میچ کھیلنے والے بنگلہ دیش نے ایسی وجہ بتا دی کہ آپ کو بھی یقین نہ آئے
ڈھاکہ (ڈیلی پاکستان آن لائن) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے پاکستان کیخلاف نیشنل سٹیڈیم کراچی میں شیڈول ٹیسٹ میچ ’ڈے اینڈ نائٹ‘ کھیلنے سے انکار کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) وسیم خان نے انکشاف کیا تھا کہ بی سی بی کو کراچی میں ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنے کی پیشکش کی گئی ہے اور ان کی جانب سے جواب کا نتظار کیا جا رہا ہے۔ پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ بحال ہو رہی ہے اور بہت سے ممالک ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کا انعقاد کر رہے ہیں اس لئے ہم بھی اپنے کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ ایکسپوژر دینے کیلئے مصنوعی روشنی میں ٹیسٹ میچ کا انعقاد چاہتے ہیں۔
بی سی بی کے چیف ایگزیکٹو نظام الدین نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پاکستان میں ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ نہیں کھیل سکتے۔ ان کا کہنا تھا ” ہم نے ٹیم انتظامیہ سے بات کی ہے اور وہ نامناسب تیاریوں کے باعث ابھی ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ہم ان کے موقف کو سمجھتے ہیں اور اس کے علاوہ بھی دیگر معاملات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم نے پاکستان میں ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔“
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ بنگلہ دیش نے گزشتہ سال نومبر میں کلکتہ کرکٹ سٹیڈیم میں بھارت کیخلاف پہلا ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلا تھا جس میں انہیں ایک اننگز اور 46 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تاہم نظام الدین چوہدری کا کہنا ہے کہ یہ ایک بالکل مختلف معاملہ تھا۔
انہوں نے کہا ”بھارت کیخلاف ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کا سیاق و سباق بالکل مختلف تھا، ساررو گنگولی بی سی سی آئی کے صدر بنے تھے اور بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم پہلی مرتبہ مکمل ٹیسٹ سیریز کھیلنے کیلئے بھارت کا دورہ کر رہی تھی جبکہ بھارت نے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ دیکھنے کیلئے تمام سابق کرکٹرز کو بلا رکھا تھا اس لئے ایڈن پارک میں ایک خاص صورتحال تھی۔“