حکومتی پالیسیاں معاشی لحاظ سے تباہ کن،موجودہ حکومت میں قابلیت اور بردباری موجود نہیں :مصطفیٰ کمال

حکومتی پالیسیاں معاشی لحاظ سے تباہ کن،موجودہ حکومت میں قابلیت اور بردباری ...
حکومتی پالیسیاں معاشی لحاظ سے تباہ کن،موجودہ حکومت میں قابلیت اور بردباری موجود نہیں :مصطفیٰ کمال

  



کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے ملک کی بگڑتی ہوئی معاشی صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی پالیسیاں معاشی لحاظ سے تباہ کن ہیں،ملک کے لیے فیصلے کرتے ہوئے قابلیت اور بردباری کی ضرورت ہوتی ہے جو موجودہ حکومت میں موجود نہیں،مہنگائی اور بیروزگاری نے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔

 کورنگی میں منعقد جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سید مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ پاکستان کی معاشی شہہ رگ کراچی میں تجاوزات کے خلاف جاری حالیہ آپریشن سے لاکھوں لوگ بے روزگار ہو رہے ہیں اور مزید لاکھوں بیروزگار ہونگے، جس کے اثرات پورے ملک پر رہے ہیں،وفاقی حکومت کو چاہیے وہ صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر آپریشن کے متاثرہ خاندانوں کو چھت اور روزگار فراہم کرے تاکہ ملک میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری اور غربت کسی صورت رکے، پاک سر زمین پارٹی وہ واحد سیاسی جماعت ہے جسکے پاس معیشت کی بحالی کا فارمولا اور روڈ میپ ہے اور یہ بات اب پاکستانی جاننے لگے ہیں۔انہوں نے کہا کہ  ڈیڑھ سال سے صنعتکار سے لے کر ریڑھی چلانے والا تک مسلسل عذاب کا شکار ہے،معیشت کا پہیہ جو پہلے ہی سست روی کا شکار تھا اب رکتا ہوا محسوس ہورہا ہے،ایک بار معیشت کا پہیہ سست ہوجائےتواسےتیز کرنابہت مشکل ہوجاتا ہے،مقامی مارکیٹوں کی تباہ حالی کا براہِ راست اثرعالمی مارکیٹوں میں مقابلہ کرنےوالےپاکستانی تاجروں کی مسابقتی قوت پرہو رہا ہے اور نتیجتاً روز کی بنیاد پر صنعتیں اور کاروبار بند ہورہے ہیں،  لوگ اپنے خاندانوں کے ہمراہ خودکشیاں کر رہے ہیں، عوام کی برداشت کی انتہا ہوچکی ہے، ایسا نا ہو کہ امن و امان کی کوئی ایسی صورتحال پیدا ہو جائے جو کنٹرول کرنا مشکل ہو۔

مزید : علاقائی /سندھ /کراچی