فخر امام نے بیٹی صغری امام کو سینیٹر بنوانے کیلئے لابنگ شروع کردی لیکن وزیراعظم کو اس خاندان کے بارے رپورٹ میں کیا بتایا گیا؟ خبررساں ایجنسی نے دعویٰ کردیا

فخر امام نے بیٹی صغری امام کو سینیٹر بنوانے کیلئے لابنگ شروع کردی لیکن ...
 فخر امام نے بیٹی صغری امام کو سینیٹر بنوانے کیلئے لابنگ شروع کردی لیکن وزیراعظم کو اس خاندان کے بارے رپورٹ میں کیا بتایا گیا؟ خبررساں ایجنسی نے دعویٰ کردیا

  

 اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیر خوراک وزراعت سید فخر امام نے اپنی بیٹی سیدہ صغری امام کو سینیٹر بنوانے کیلئے لابنگ شروع کردی ہے اور عمران خان کو رام کرنے کے لئے کوششیں تیز کردیں  تاہم وزیراعظم کو ان کے قریبی رفقاء نے بتایا کہ  جھنگ کا یہ خاندان ہر حکمران کا غلام رہ چکا ہے اور ناقابل اعتبار ہے ۔

خبررساں ایجنسی آن لائن کے مطابق  بیٹی کو سینیٹر بنوانے کے لیے لابنگ میں فخر امام کی مدد انکی بیگم سیدہ عابدہ حسین بھی کر رہی ہیں کیونکہ بیگم عابدہ حسین ماضی میں اہم سیاسی کھلاڑی رہ چکی ہیں،تاہم اب وہ عملی سیاست سے کنارہ کشی اختیار کر چکی ہیں۔سیدہ صغری امام امریکہ کی نامور یونیورسٹی سے پڑھی ہوئی ہیں اور پیپلزپارٹی کے دور میں بھی وہ سینیٹ کی ممبر رہ چکی ہیں۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ صغری امام کو سینیٹر بنانے کے لئے فخر امام اور عابدہ حسین تحریک انصاف کے اہم سیاسی رہنماؤں سے رابطہ بھی کر رہے ہیں لیکن وزیراعظم عمران خان نے صغری امام کو اپنی پارٹی میں لینے پر رضا مندی ظاہر نہیں کی۔رپورٹ کے مطابق عمران خان کوقریبی رفقاء نے اس بات پر راضی کرلیا ہے کہ اس خاندان نے ہر حکمران کی کابینہ میں وزارتیں حاصل کی ہیں،مشرف دور میں صغری امام صوبائی وزیر،ضلع کونسل جھنگ کی چیئرمین،پیپلزپارٹی دور میں سینیٹر،  عابدہ حسین ن لیگ میں وزیر جبکہ فخر امام بھی ہر حکومت میں وزارت کے مزے لے چکے ہیں۔عمران خان نے ان حقائق کے پیش نظر فخرامام کی تمام لابی کی امیدیں خاک میں ملا دی ہیں،شاہ محمود قریشی نےبھی  صغری امام کی سینیٹر بننے کی شدید مخالفت کی تھی تاہم اس حوالے سے فخر امام نے مؤقف نہیں دیا۔

مزید :

سیاست -