نوٹوں ، لوٹوں ، بوٹوں اور جھوٹوں کی سیاست ختم ہونی چاہیے ، سراج الحق حکومت کے ساتھ اپوزیشن پر بھی برس پڑے

 نوٹوں ، لوٹوں ، بوٹوں اور جھوٹوں کی سیاست ختم ہونی چاہیے ، سراج الحق حکومت ...
 نوٹوں ، لوٹوں ، بوٹوں اور جھوٹوں کی سیاست ختم ہونی چاہیے ، سراج الحق حکومت کے ساتھ اپوزیشن پر بھی برس پڑے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ اراکین اسمبلی کے ویڈیو سکینڈل کے بعد سب سے اہم سوال یہ کھڑا ہو گیاہے کہ جو لوگ خود بک جاتے ہیں ، وہ عوام کے حقوق کا تحفظ کیسے کریں گے؟جماعت اسلامی کا شروع دن سے موقف ہے کہ نوٹوں ، لوٹوں ، بوٹوں اور جھوٹوں کی سیاست ختم ہونی چاہیے،بارہا کہہ چکاہوں کہ تحریک انصاف(پی ٹی آئی) اورپاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) کی سیاست میں کوئی فرق نہیں ،پی ٹی آئی کے دور میں بھی اراکین اسمبلی کی خرید و فروخت کا وہی کلچر جاری ہے جو پیپلز پارٹی اور نون لیگ کے دور میں ہوتا رہا،ہم سمجھتے ہیں کہ تینوں پارٹیوں کی سیاست میں فرق سمجھنا دانشمندی نہیں ،اگر وزیراعظم یوٹرن لیتے ہیں تو پی ڈی ایم نے بھی استعفوں اور سینیٹ الیکشن سے متعلق اعلانات پر وہی کیاہے،پھرکہتاہوں ظالم جاگیردار اور کرپٹ سرمایہ دار طبقہ صرف لوٹ اور جھوٹ کے زور پر قوم پر مسلط ہے،ملک کا نظریاتی تشخص خطرے میں ہے، معاشرے کی بنیادی اکائی ” خاندان“ کو تباہ کرنے کی سازشیں ہورہی ہیں،جماعت اسلامی 11 فروری سے 11 مارچ تک پورے ملک میں بھر پور طریقے سے ” استحکام خاندان “مہم چلائے گی ، خواتین کو وراثت میں حق ملناچاہیے ، جہیز کی لعنت سے چھٹکارا چاہتے ہیں ، ریاست خواتین کو ورک پلیس پر تحفظ فراہم کرنے کے قوانین کا اطلاق کروائے، جماعت اسلامی 14 فروری کو ملک بھر میں یوم حیا منائے گی ،ویلنٹائن ڈے کا کلچر اسلامی تہذیب و تمدن پر حملہ ہے، نوجوان نسل اس کا بائیکاٹ کرے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم ، نائب امیر راشد نسیم اور سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی ذمہ داران ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی، ڈاکٹر حمیرا طارق ، ثمینہ سعید ، ربیعہ طارق ، زبیدہ جبیں ، عافیہ سرور اور شازیہ عبدالقادر سمیت دیگر نے بھی پریس کانفرنس میں شرکت کی ۔
 سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ عصمت فروشی اور فحش لٹریچر کے ذریعے پاکستان کی نظریاتی اساس پر یلغار کی جارہی ہے جس کے سدباب کے لیے جماعت اسلامی حلقہ خواتین نے ایک ماہ کے لیے ملک بھر میں ریلیاں اور کانفرنسز منعقد کرکے خواتین کے تحفظ اور خاندانی نظام کے استحکام کے لیے مہم کا آغاز کیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ 14 فروری کو یوم حیا منایا جائے گا اسی طرح آٹھ مارچ کو خواتین کے عالمی دن کے موقع پر بھی عورت کو قرآن و سنت اور آئین پاکستان کی روشنی میں حقوق دینے کے مطالبہ کے ساتھ ر یلیاں نکالی جائیں گی جس میں تمام مکتبہ فکر کے لوگوں کو شرکت کی دعوت دی جائے گی ،قرآن سے شادی ، ونی جیسی فرسودہ رسومات پر مکمل پابندی ہونی چاہیے ۔گھریلو تشدد کا شکار خواتین کو تحفظ فراہم کیا جائے ۔ بچیوں کی تعلیم کو لازمی قرار دیا جائے ۔ ریاست اس کا بندوبست کرے ۔ آئین کے آرٹیکل 35 اور 37جی  پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے ،خواتین کو تحفظ فراہم کیے بغیر خاندان کا استحکام ممکن نہیں ۔ 
 صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ مہنگائی کے ہاتھوں پاکستان کا ہر مرد اور عورت پریشان ہے ، حکومت خواتین کو بلاسود قرضے دے اور نوجوانوں اور خواتین کے ساتھ کیے گئے وعدے پورے کیے جائیں ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی مہنگائی کے خلاف احتجاج کر رہی ہے ۔ آنے والے دنوں میں بہاولپور ، ملتان ، فیصل آباد ، حیدر آباد اور دیگر شہروں میں حکومتی پالیسیوں کے خلاف بھر پور عوامی طاقت کا مظاہرہ کیا جائے ۔

مزید :

قومی -