پولیس کی نوکری،انٹرویو کے دوران امیدوار کا ایسا انکشاف کہ پکڑ کر جیل میں ڈالنا پڑگیا

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکہ میں پولیس کی نوکری کے لیے آئے امیدوار نے انٹرویو کے دوران ایسا اعتراف کر لیا کہ پولیس نے اسے فوری طور پر گرفتار کرکے جیل میں بند کر دیا۔ ڈیلی سٹار کے مطابق یہ واقعہ امریکی ریاست اریزونا کا ہے جہاں سرگیو سیلیا نامی 25سالہ نوجوان پولیس کی نوکری کے لیے انٹرویو دینے گیا، جہاں جھوٹ پکڑنے والی مشین (Lie detector) کے ذریعے اس کا انٹرویو لیا گیا۔
ڈی ٹیکٹر کی وجہ سے سرگیو سیلیا نے اعتراف کر لیا کہ اس کے پاس بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی پر مبنی مواد کثیر تعداد میں موجود ہے اور وہ بچوں کے ساتھ جنسی بربریت کی ویڈیوز دیکھنے کا عادی ہے۔ پولیس نے سرگیو کو فوری طور پر گرفتار کر لیا۔ پولیس نے اس کے گھر پر چھاپہ مارا تو اس کے کمپیوٹر سے سینکڑوں کی تعداد میں بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کی ویڈیوز برآمد ہو گئیں۔
اس کے کمپیوٹر سے جو ویڈیوز ملیں ان میں ایسے بچوں کی ویڈیوز بھی تھیں جن کی عمریں 5سال سے بھی کم تھیں۔ملزم نے یہ اعتراف بھی کیا کہ وہ سوشل میڈیا کے ذریعے کم عمر لڑکیوں کو ورغلا کر ان کی قابل اعتراض ویڈیوز بھی ان سے حاصل کرتا تھا۔ اس نے بتایا کہ وہ ’وی پی این‘ کے ذریعے اپنی شناخت مخفی رکھ کر انٹرنیٹ پر بچوں سے متعلق جنسی مواد سرچ کرتا ہے۔ پولیس ملزم کے خلاف مزید تحقیقات کر رہی ہے۔