قومی ٹیم میں بڑی تبدیلی، حارث رؤف کی چھٹی، اہم کھلاڑی شامل کرنے کا فیصلہ

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)سہ ملکی سیریز کے تیسرے میچ کیلئے قومی ٹیم میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے حارث رؤف کی جگہ عاکف جاوید کو سکواڈ میں شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیاہے ۔
نجی ٹی وی سما نیوز ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کے فاسٹ باولر حارث رؤف کی انجری کے بعد سلیکشن کمیٹی نے سر جوڑ لئے ہیں، ٹرائی نیشن سیریز میں حارث رؤف کے متبادل کھلاڑیوں کو سکواڈ میں شامل کئے جانے کا امکان ہے ، سلیکشن کمیٹی نے حارث رؤف کے متبادل کھلاڑی کے طور پر وسیم جونیئر ، عاکف جاوید اور محمد علی پر بحث کی تاہم قومی سلیکشن کمیٹی نے عاکف جاوید کو حارث رؤف کے متبادل کے طور پر شامل کرنے کی حامی بھر لی ۔
ذرائع کا کہناہے کہ عاکف جاوید کے نام کا اعلان جلد ہونے کا امکان ہے تاہم حارث روف کو بھی قومی سکواڈ کے ہمراہ ہی رکھنے کا فیصلہ ہواہے ۔ چیمپئنز ٹرافی کے سکواڈ میں تاحال کوئی تبدیلی کا امکان نہیں ہے ، حارث رؤف نیوزی لینڈ کیخلاف میچ میں سائیڈ سٹرین کا شکار ہو گئے تھے۔
پاکستان ٹرائی نیشن سیریز کا تیسرا میچ جنوبی افریقہ کے خلاف 12 فروری کو کھیلا جائے گا ۔