بہن کی شادی تقریب میں رقص کرتی لڑکی کی اچانک موت ہو گئی

نئی دہلی (ویب ڈیسک) بھارت میں نوجوان لڑکی اپنی بہن کی شادی کی تقریب میں رقص کرتے ہوئے اچانک گر پڑی اور اس کی موت واقع ہوگئی۔
بھارتی اخبار کے مطابق یہ واقعہ اتوار کو ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع اوڑیسہ کے ریزارٹ پر ہونے والی شادی کی تقریب میں پیش آیا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 23 سالہ پرینیتا جین اپنی کزن کی شادی میں شرکت کے لیے اندور سے آئی تھیں۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پرینیتا جین ہلدی کی رسم کے دوران اسٹیج پر ڈانس کر رہی ہیں جبکہ تقریب میں 200 کے قریب مہمان بھی شریک ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے اس وقت بالی وڈ گانا ’لہرا کے، بل کھا کے‘ چل رہا ہے۔ جس پر ان کے علاوہ کچھ اور خواتین بھی ڈانس کر رہی ہیں۔ تاہم اس دوران ہی ان کو اچانک ہی گرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
اس کے بعد کچھ لوگ ان کو اٹھانے کے لیے آگے بڑھتے ہیں۔ مہمانوں میں کچھ ڈاکٹر بھی شامل تھے۔ انہوں نے فوری طور پر سی پی آر کی مشق سے ان کی سانس بحال کرنے کی کوشش کی، تاہم ان کی سانس بحال نہ ہو سکی۔
خاتون کو فوری طور پر قریبی واقع نجی اسپتال میں لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹرز نے تصدیق کی کہ وہ مر چکی ہیں اور ان کو دل کا دورہ پڑا تھا۔پرینیتا جین نے ایم بی اے کر رکھا تھا اور وہ اندور کے علاقے ٹوکوگنج میں والدین کے ساتھ رہتی تھیں۔
واقعے کے بعد سرکاری طور پر جاری کی جانے والی تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ ان کا چھوٹا بھائی بھی ہارٹ اٹیک کی وجہ سے 12 سال کی عمر میں انتقال کر گیا تھا۔مدھیہ پردیش میں ڈانس کے دوران کسی کا گر کر جان سے گزر جانے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔
کچھ عرصہ پیشتر اندور میں ایک 73 سالہ شخص کو بھی یوگا پروگرام کے تحت ہونے والی تقریب میں رقص کرتے ہوئے دل کا دورہ پڑ گیا تھا اور وہ چل بسے تھے۔
اسی طرح ضلع اگرملوا میں پچھلے برس اکتوبر کے مہینے میں ایک 15 سالہ لڑکا اس وقت ہارٹ اٹیک کی وجہ سے انتقال کر گیا تھا جب وہ کرکٹ کھیل رہا تھا۔