ایپل کے  لاکھوں آئی فون صارفین کو سیکیورٹی خطرات،  ہنگامی اپ ڈیٹ جاری، ہیک سے بچنے کیلئے کیا کریں؟

ایپل کے  لاکھوں آئی فون صارفین کو سیکیورٹی خطرات،  ہنگامی اپ ڈیٹ جاری، ہیک ...
ایپل کے  لاکھوں آئی فون صارفین کو سیکیورٹی خطرات،  ہنگامی اپ ڈیٹ جاری، ہیک سے بچنے کیلئے کیا کریں؟
سورس: Pixahive

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

سان فرانسسکو (ڈیلی پاکستان آن لائن) ایپل نے لاکھوں آئی فون اور آئی پیڈ صارفین کو فوری طور پر اپنے ڈیوائسز اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت کی ہے، کیونکہ انتہائی جدید سائبر حملوں کے ذریعے ان کے ڈیٹا کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ہیکرز مکمل ایڈمن کنٹرول  حاصل کر سکتے ہیں جس کے ذریعے وہ ڈیوائس کے مالک کی اجازت کے بغیر کسی بھی سافٹ ویئر کو کنٹرول کر سکتے ہیں۔

ڈیلی سٹار کے مطابق  آئی فون ایکس ایس اور اس کے بعد کے تمام ماڈلز سمیت مختلف آئی پیڈ ایئر، آئی پیڈ پرو اور آئی پیڈ منی کی مختلف جنریشنز رسک پر ہیں۔ یہ مسئلہ یو ایس بی ریسٹرکٹڈ موڈ کی ناکامی کے بعد سامنے آیا۔ یہ  ایپل ڈیوائسز کو غیر مجاز سافٹ ویئر سے محفوظ رکھنے کے لیے بنایا گیا ہے۔ یہ فیچر ایک گھنٹے سے زیادہ لاک رہنے کے بعد کسی بھی غیر متعلقہ سافٹ ویئر کے ذریعے ڈیوائس تک رسائی کو روکنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا تھا لیکن اس میں خامی کی اطلاع ملی ہے۔

ایپل نے  اپنے آئی او ایس اور آئی پیڈ او ایس  آپریٹنگ سسٹمز کی اپ ڈیٹس جاری کی ہیں  تاکہ اس خطرے کو ختم کیا جا سکے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ حملے انتہائی جدید طریقوں سے مخصوص افراد کو نشانہ بنانے کے لیے کیے گئے ہیں۔

ایپل کو عام طور پر دنیا کی محفوظ ترین ٹیکنالوجی کمپنیوں میں شمار کیا جاتا ہے اور اسے ہیک کرنا کافی مشکل سمجھا جاتا ہے۔ لیکن حالیہ رپورٹس کے مطابق  ایپل صارفین پر ڈیٹا چوری اور سائبر حملوں کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ ایک حالیہ تحقیق کے مطابق پچھلے دو سالوں میں تقریباً 2.6 ارب ڈیٹا ریکارڈز ہیکرز کے ہاتھ لگے۔

ایپل صارفین کو چاہیے کہ وہ  فوری طور پر اپنے آئی فون اور آئی پیڈز کو اپ ڈیٹ کریں۔ کسی بھی مشکوک لنک یا غیر مصدقہ ایپلیکیشنز سے بچیں۔ یو ایس بی ریسٹرکٹڈ موڈ  کو فعال رکھیں تاکہ غیر مجاز رسائی کو روکا جا سکے۔ ایپل نے زور دیا ہے کہ صارفین جلد از جلد اپنی ڈیوائسز اپڈیٹ کر کے اس ممکنہ سیکیورٹی خطرے سے خود کو محفوظ کریں۔