لاہور چیمبر نے اپنی نئی ویب سائٹ ری لانچ کردی

لاہور چیمبر نے اپنی نئی ویب سائٹ ری لانچ کردی

لاہو(وقائع نگار) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے دورِ جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ اپنی نئی ویب سائٹ ری لانچ کردی ہے جسے زیادہ سے زیادہ معلوماتی اور مفید بنایا گیا ہے تاکہ لاہور چیمبر کے ممبران اس سے بھرپور طریقے سے مستفید ہوسکیں۔ لاہور چیمبر کے صدر انجینئر سہیل لاشاری نئی ویب سائٹ کا افتتاح کیا جبکہ نائب صدر کاشف انور، ایگزیکٹو کمیٹی اراکین ظفر محمود، رضوان خالد، حاجی محمد اکرم، خواجہ خاور رشید حاجی محمد اکرم، خواجہ خاور رشید، نصیب احمد سیفی ، سابق ایگزیکٹو کمیٹی رکن رحمت اللہ جاوید اور سیکریٹری جنرل سید محمد ثقلین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ لاہور چیمبر کی نئی ویب سائٹ LCCI.com.pkکو نہ صرف جاذب اور دیدہ زیب بنایا گیا ہے بلکہ تجارتی معلومات سمیت دیگر بہت سے ٹولز شامل کیے گئے ہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر سہیل لاشاری نے کہا کہ آج کے دور میں ترقی کے لیے ٹیکنالوجی سے استفادہ ضروری ہے جس کے پیش نظر لاہور چیمبر اپنے ممبران کو نئی ٹیکنالوجی کے متعلق شعور و آگہی دینے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہا ہے، جدید اور معلوماتی ویب سائٹ کا اجراءاسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی ترقی و خوشحالی کے نئے دروازے کھولتی اور کاروباری افراد کو عالمی تجارتی مواقعوں سے بھرپور فائدہ اٹھانے میں مدد فراہم کرتی ہے۔ لاہور چیمبر نے حال ہی میں اپنے ممبران کے لیے آئی ٹی کورسز شروع کیے ہیں جن کے ذریعے انہیں ٹیکنالوجی کے بارے میں مفید معلومات فراہم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اکیسویں صدی انفارمیشن ٹیکنالوجی کی صدی ہے اور وہی تاجر کامیاب ہوسکیں گے جو انفارمیشن ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کریں گے۔

 انہوں نے کہا کہ ویب سائٹ میں لاہور چیمبر کے اٹھارہ ہزار ممبران کا مفصل ڈیٹا اور اُن کے کاروباری شعبوں کے متعلق تفصیلات دی گئی ہیں جس سے غیرملکی خریداروں کو اُن سے رابطے میں آسانی ہوگی۔ ویب سائٹ پر دئیے گئے لنک سے صارفین کو پاکستانی معیشت ، جی ڈی پی میں مختلف شعبوں کے حصے، امپورٹ، ایکسپورٹ ، ٹریڈ بیلنس اور انٹرسٹ ریٹ کے متعلق گذشتہ آٹھ سال کا ڈیٹا میسر آئے گا۔ کاروباری شعبے سے وابستہ خواتین کے لیے ویب سائٹ پر ایک علیحدہ حصہ بنایا گیا ہے جس میں لاہور چیمبر کی خواتین ممبران کی ڈائریکٹری دی گئی ہے ۔ ویب سائٹ پر ٹریڈ انکوائریز ، نیوز ،پکچر گیلری ایف ایم ریڈیو 98.6اور ایکسپورٹ گائیڈ کے سیکشن بھی شامل کیے گئے ہیں ۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر کاشف انور نے اپنے خطاب میں کہا کہ لاہور چیمبر کی موجودہ انتظامیہ اپنے ممبران کی رہنمائی اور انہیں سہولیات مہیا کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھارہی ہے۔

مزید : کامرس


loading...