اعتزاز حسن قومی ہیرو ہے، جان کا نذرانہ دے کر قربانی کی عمدہ مثال قائم کی: آرمی چیف

اعتزاز حسن قومی ہیرو ہے، جان کا نذرانہ دے کر قربانی کی عمدہ مثال قائم کی: آرمی ...
اعتزاز حسن قومی ہیرو ہے، جان کا نذرانہ دے کر قربانی کی عمدہ مثال قائم کی: آرمی چیف

  


راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اعتزاز حسن کو خراج تحسین پیش کیا ہے اور کہا ہے کہ اعتزاز حسن قوم کا ہیرو ہے۔ آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف کی جانب سے ہنگو کے مقامی کمانڈر بریگیڈئیر ندیم ذکی منج نے شہید طالب علم اعتزاز حسن کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ آرمی چیف کا کہنا ہے کہ اعتزاز حسن نے جان کا نذرانہ دے کر سینکڑوں طلبہ کی جان بچائی اور قربانی اور بہادری کی عظیم مثال قائم کی ، 15 سال کے نوجوان کی آج کی قربانی ہمارے بہتر کل کیلئے ہے۔

دوسری جانب اعتزاز حسن کے ہم جماعتوں اور دوستوں کا کہنا ہے کہ اگر وہ دہشت گردوں سے ڈر گئے تو اس کا مطلب ہوگا کہ اعتزاز کی قربانی رائیگاں چلی گئی ۔بی بی سی کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ دھماکے کے اگلے روز ایک بھی بچے ایسا نہیں تھا جو سکول میں حاضر نہ ہوا ہو۔’اگر ہم ڈر گئے تو اس کا مطلب ہو گا کہ خود کش حملہ آور کامیاب ہو گیا اور اس ( اعتزاز ) نے بھی جو شہادت دی وہ ناکام ہوئی۔‘ یہ بات اعتزاز کے ایک ہم جماعت اظہر نے ہنگو سے ٹیلی فون کے ذریعے کہا کہ ’ان کے دوست اور ہم جماعت نے اپنی جان کی قربانی اس لیے دی ہے کہ ہم اپنی تعلیم جاری رکھیں اپنے ملک اور قوم کے لیے ایک فرما بردار فرد بن جائیں۔‘ اعتزاز کے ایک اور دوست ناعد علی سے جب یہ پوچھا گیا کہ دہشت گردی کے خوف کی وجہ سے کیا ان کے والدین ان کے آزادانہ گھومنے پھرنے سے منع تو نہیں کرتے تو انھوں نے کہا کہ ان کے گھر والے بالکل ان پر پابندیاں لگاتے ہیں اور وہ نہیں چاہتے کہ ان کا لڑکا اس طرح مارا جائے۔اظہر نے کہا کہ حالات خراب ہیں لیکن وہ کب تک ڈرتے رہیں گے، آخر کب تک گھروں سے نہیں نکلیں گے۔ انھوں نے کہا کہ ان حالات میں ضروری ہے کہ وہ بجائے ڈرنے کے گھروں سے نکلیں اور مقابلہ کریں۔

انھوں نے مزید کہا کہ اعتزاز کی شہادت اس لیے نہیں تھی کہ وہ گھروں میں خاموش ہو کر بیٹھ جائیں اور دیکھتے رہیں۔ انھوں نے کہا ’ ہم پر لازم ہو گیا ہے کہ ہم اعتزاز کے خواب کو پورا کریں۔ اس کی قربانی کو آگے لے کر چلیں اور اس کے پیغام کو معاشرے میں پھیلا دیں۔‘

مزید : راولپنڈی /Headlines


loading...