دوسرا ٹیسٹ: پاکستان کے 7 وکٹوں پر 330 رنز، سری لنکا کے خلاف 107 رنز کی برتری حاصل
دبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز پاکستان نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 330 رنز بنا لئے ہیں اور سری لنکا کے خلاف 107 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے، سرفراز احمد 70 اور سعید اجمل 7 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ کے چوتھے روز پاکستان نے دوسری اننگز کا آغاز 132 رنز 3 کھلاڑی آﺅٹ سے کیا تو 148 کے مجموعی سکور پر یونس خان پویلین لوٹ گئے، انہوں نے 77 رنز بنائے۔ 200 کے مجموعی سکور پر اسد شفیق بھی 23 رنز بنا کر میدان بدر ہو گئے۔ کپتان مصباح الحق 3 سکور کے فرق سے سنچری مکمل نہ کر سکے اور 97 کے انفرادی سکور پر بھی وہ آﺅٹ ہو گئے۔ بلاول بھٹی اور سرفراز احمد نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں 67 رنز جوڑے، بلاول بھٹی 32 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔ سری لنکا کی جانب سے پرادیپ، ہیراتھ اور ایرانگا نے 2,2 جبکہ لکمل نے ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان کو سری لنکا کے خلاف 107 رنز کی برتری حاصل ہے اور کھیل ایک آخری روز باقی ہے۔