سمیڈانیشنل بزنس ڈویلپمنٹ پروگرام شروع کر رہا ہے ، شیر ایوب خان

سمیڈانیشنل بزنس ڈویلپمنٹ پروگرام شروع کر رہا ہے ، شیر ایوب خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(کامرس رپورٹر)سمال اینڈ میڈیم انٹر پرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی ’سمیڈا‘ 1.955۔ارب روپے کی مالیت سے ملک گیر سطح پر نیشنل بزنس ڈویلپمنٹ پروگرام شروع کر رہا ہے جس سے ایس ایم ای سیکٹر میں 8۔ارب روپے کے لگ بھگ سرمایہ کاری کو ممکن بنایا جائے گا۔اس امر کا انکشاف سمیڈا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شیر ایوب خان نے آج یہاں سمیڈا کے صد ر دفتر میں ایک وفد سے تبادلہءِ خیالات کرتے ہوئے بتا یا۔انہوں نے کہا کہ پی ایس ڈی پی کے تحت منظور کئے جانے والے اس پروگرام کیلئے حکومت نے رواں مالی سال کے بجٹ میں سے 250 ملین روپے کی رقم فراہم کر دی ہے۔ لہٰذاہ سمیڈا کے تحت متذکرہ پروگرام پر عملدرآمد شروع کرنے کے سلسلے میں تیاریوں کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام سے ملک بھر میں تقریباََ 31لاکھ ایس ایم ایز کو بلواسطہ یا بلاواسطہ فائدہ پہنچے گا کیونکہ اس پروگرام کے تحت مختلف شہروں میں فروغِ کاروبار سے متعلق38ہزار تربیتی پروگرام منعقد کرنے کے علاوہ ٹیکنالوجی، کاروباری منصوبوں، فیزیبلٹی سٹڈیز اور ریگولیٹری پروسیجر اور افرادی قوت پر 761معلوماتی کتابچے بھی شائع کئے جائیں گے۔
جبکہ اس پروگرام کے تحت تقریباََ 913 نئے کاروباروں کے اجراء اور ایس ایم ایز سے متعلق 500 بین الاقوامی سرٹیفکیشن کا حصول بھی ممکن بنایا جائے گا۔شیر ایوب خان نے بتا یا کہ متذکرہ پروگرام کے تحت ایس ایم ایز سے متعلق عالمی اور قومی کاروباری معلومات میں اضافے کیلئے 23 مارکیٹ ریسرچ رپورٹیں بھی مرتب کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل بزنس ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت مقامی ایس ایم ایز کو ان تمام تر خدمات کی فراہمی ممکن ہو جائے گی جن کا مطالبہ وہ گزشتہ کئی سال سے کر رہی ہیں۔ ان خدمات میں مینجمنت ڈویلپمنٹ سروسز ، سازگار پالیسی کی ایڈووکیسی اور مارکیٹ سپورٹ سروسز کے ساتھ ساتھ کاروباری اجراء اور سکی ترقی سے متعلق باقاعدہ ہینڈ ہولڈنگ بھی شامل ہوگی۔انہوں نے کہا کہ رسمی زرائع سے قرضوں کے حصول میں دقت کے حوالے سے ایس ایم ایز کو جو مشکلا ت درپیش رہتی ہیں مذکورہ پروگرام میں انہیں بھی کم کر نے کی عملی کوشش کی گئی ہے اور سمیڈا کے تحت 9,500 ۔ا یس ایم ایز کو بنکوں سے قرضے دلوانے کیلئے اسیسمنٹ رپورٹیں مرتب کی جائیں گی۔سمیڈا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے امید کی ہے کہ متذکرہ پروگرا م سے مقامی ایس ایم ایز میں تکنیکی حوالے سے اور استعداد کار کی ترقی کے حوالے سے نمایا ں تبدیلیاں رونما ہونگی جو انہیں عالمی معیار کی مصنوعات بنانے کے قابل بنا دیں گی۔ اور وہ قومی معشیت میں کم از کم 3.5 ۔ ارب روپے کے مساوی ویلیو ایڈیشن کر کے اقتصادی خوشحالی کی منزل کو قریب تر لانے میں مدد گار ہو سکیں گی۔

مزید :

کامرس -