شام سے حزب اللہ کو حساس ہتھیاروں کی منتقلی کی اجازت نہیں دیں گے،اسرائیل
تل ابیب(این این آئی)اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے کہا کہ ان کا ملک شام سے حساس اور خطرناک ہتھیاروں کی لبنانی شیعہ ملیشیا حزب اللہ کو منتقلی کی روک تھام کے لیے تمام وسائل استعمال کرے گا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے ان خیالات کا اظہار ’نیٹو‘ ممالک کے سفیروں سے ملاقات کے دوران کیا۔ نیتن یاھو نے کہا کہ ہم نے حزب اللہ کو شام سے اسلحہ کے حصول سے روکنے کے لیے طویل البنیاد پالیسی بنا رکھی ہے۔ ہماری اس پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور ضرورت پڑنے پر حزب اللہ کو اسلحہ کے حصول سے روکنے کے لیے کچھ بھی کرسکتے ہیں۔نیتن یاھو نے دعویٰ کیاکہ اسرائیل نے یورپ کو دہشت گردی کے کئی بڑے واقعات سے بچایا ہے۔خیال رہے کہ گذشتہ روز اسرائیل کے جنگی طیاروں نے دمشق کے قریب مبینہ طور پر اسرائیل کے جنگی طیاروں نے متعدد میزائل حملے کئے ہیں۔ شامی رجیم نے ان حملوں کی ذمہ داری اسرائیل پرعاید کی ہے۔