بحیرہ کیریبئن میں زلزلہ، سونامی کی وارننگ واپس لے لی گئی

بحیرہ کیریبئن میں زلزلہ، سونامی کی وارننگ واپس لے لی گئی

ٹیگوسیگلپا(آئی این پی) بحیرہ کیریبئن میں آنے والے شدید زلزلے کے بعد وسطی امریکی ملکوں کے لیے جاری کی جانے والی سونامی وارننگ واپس لے لی گئی ۔اطلاعات کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.7 تھی جس کا مرکز بحیرہ کیریبئن میں واقع ان دور دراز جزائر کے نزدیک کھلے سمندر میں تھا جو ہنڈوراس کے زیرِ انتظام ہیں۔زلزلے کے جھٹکے سیکڑوں کلومیٹر دور ہنڈوراس کے دارالحکومت اور میکسیکو کی ریاست کوئنتا نارو تک محسوس کیے گئے۔زلزلے سے تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ زلزلے کے بعد ہنڈوراس، بیلیزے، پورٹو ریکو، امریکن اور برٹش ورجن آئی لینڈز کے بحیرہ کیریبئن سے متصل ساحلی علاقوں کے لیے سونامی کی وارننگ جاری کی گئی تھی جسے بعد ازاں واپس لے لیا گیا۔زلزلے کے مرکز سے نزدیک ترین آباد جزیرہ گریٹ سوان آئی لینڈ ہے جو زلزلے کے مرکز سے 44 کلومیٹر مغرب میں واقع ہے۔جزیرے پر ہنڈوراس کا ایک چھوٹا بحری اڈہ موجود ہے لیکن تاحال یہ پتا نہیں چل سکا کہ آیا زلزلے سے اس بحری اڈے کو کوئی نقصان پہنچا ہے یا نہیں۔امریکی ارضیاتی سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز صرف 10 کلومیٹر گہرائی میں تھا جس کے باعث اس کے جھٹکوں میں انتہائی شدت تھی۔

ہنڈوراس اور بلیزے کے حکام کا کہنا ہے کہ وہ زلزلے سے ہونے والے نقصانات کی معلومات اکٹھی کر رہے ہیں۔

مزید : عالمی منظر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...