شوبز شخصیات کا کوئٹہ اور پشاورمیں ہونیوالی دہشت گردی کی شدید مذمت

شوبز شخصیات کا کوئٹہ اور پشاورمیں ہونیوالی دہشت گردی کی شدید مذمت

لاہور(فلم رپورٹر )شوبز کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے کوئٹہ اور پشاورمیں ہونے والی دہشت گردی کی کاروائی کی شدید مذمت کی ہے ۔ گلوکارہ شاہدہ منی ،میگھا، مناہل شاہ،محمد سلیم بزمی،موسیقار رفیق حسین،مایا سونو خان،شوکت چنگیزی،عباس باجوہ،سہیل اسلم، پرویز کلیم، راجو حسین سمراٹ ،فرح ہاشمی، اسلم پھلروان، شوکت چنگیزی،روینا،زوہیب،گلوکار عارف بٹ، شین، ضیاء خان،صائمہ سلیم سمیت دیگر فنکاروں نے کہا کہ کوئٹہ اور پشاورمیں ہونے والے دہشت گردی کے واقعوں پر دلی صدمہ ہوا ہے ہماری تمام ہمدردیاں شہید ہونے والوں کے خاندانوں کے ساتھ ہیں ۔

کوئٹہ اور پشاور بم دھماکہ دہشت گردوں کی جانب سے عوام میں خوف وہراس پید اکرنے کی ناکام سازش ہے جس کا دلیرانہ مقابلہ کریں گے اور کسی طور پر خوفزدہ نہیں ہوں گے ۔ فنکاروں نے کہا کہ پاک افواج دہشت گردوں کا پیچھا کررہی ہے اور بہت جلد ملک کو دہشت گردی کی لعنت سے پاک کردیا جائے گا ۔انہوں نے کہاکہ پوری پاکستانی قوم دہشت گردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے اورمشکل کے اس وقت میں ہم سب کو مل کر چلنا ہوگا تاکہ ملک دشمن قوتوں کو پیغام مل سکے کہ مسلمان کبھی موت خوفزدہ نہیں ہوتا ۔ فنکاروں نے دہشت گردی کے واقعہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کی بزدلانہ کاروائیوں سے قوم کو خوفزدہ نہیں کیا جاسکتا ، شہداء کاخون رائیگاں نہیں جائے گا ، دہشت گردی کرنے والوں کا کوئی مذہب نہیں وہ صرف انسانیت کے قاتل ہیں جو جلد اپنے انجام کو پہنچ جائیں گے ۔

مزید : کلچر