نواں کوٹ ، دو شرابی گروپوں کی فائرنگ میں زخمی ہونے والا12سالہ لڑکا دم توڑ گیا ، سلمان آٹھویں کا طالبعلم تھا


لاہور (خبر نگار) نواں کوٹ کے علاقے میں شراب کے مبینہ نشہ میں دُھت دو گروپوں کی فائرنگ کی زد میں آکر زخمی ہونے والا 12 سالہ لڑکا سلیمان دم توڑ گیا، مقتول آٹھویں جماعت کا طالبعلم تھا، گھر میں کہرام برپا ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق کوٹ کمبوہ کے رہائشی ملک نعیم اور ہارون احمد نے چار روز قبل مبینہ طور پر شراب پی رکھی تھی، شراب کے نشہ میں ملک نعیم نے دوسرے گروپ ہارون احمد وغیرہ پر فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں راہگیر 12 سالہ لڑکا سلیمان شدید زخمی ہوگیا تھا، اسے جناح ہسپتال میں طبی امداد دی جارہی تھی کہ گزشتہ روز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا، سلیمان کی ہلاکت پر والدہ پر غشی کے دورے پڑتے رہے جبکہ گھر میں کہرام برپا ہوگیا،سلیمان کی بہنیں دھاڑیں مارمار کر روتی رہیں۔ اہل علاقہ واقعہ کے خلاف سراپا احتجاج بنے ہوئے تھے۔ پولیس نے مقتول سلیمان کی نعش قبضہ میں لے کر مردہ خانہ میں جمع کروادی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم ملک نعیم کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

مزید : علاقائی

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...