شاہدرہ ، 6 سالہ بچی کھیلتے ہوئے ابلتا پانی جسم پر گرنے سے جاں بحق
شاہدرہ کے علاقہ میں 6 سالہ بچی گھر میں کھیلتے ہوئے ابلتا پانی جسم پر گرنے سے جھلس کر جاں بحق ہو گئی۔پولیس نے نعش ضروری کارروائی کے بعد ورثاکے حوالے کردی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ لاجپت روڈ کے رہائشی صفدر کی 6 سالہ بچی ثمرین گھر میں کھیل رہی تھی جبکہ اس کی بیوی کچن میں چولہے پر پانی گرم کر رہی تھی،اتنے میں کھیلتے ہوئے ثمرین گرم پانی کے پاس پہنچ گئی اور گرم پانی جسم پر گرنے سے شدید جھلس گئی۔ ننھی ثمرین کو میو ہسپتال پہنچایا گیا مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئی۔اس سانحہ پر والدین اور لواحقین دھاڑیں مار مار کر روتے رہے۔