سربراہ پاک بحریہ کا میری ٹائم سرحدوں کا ہر قیمت پر دفاع کرنے کا عزم و پختہ عہد کا اعادہ

سربراہ پاک بحریہ کا میری ٹائم سرحدوں کا ہر قیمت پر دفاع کرنے کا عزم و پختہ ...

کراچی(این این آئی)پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں اختتام پذیر ہو گئی۔کانفرنس کی صدارت چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کی۔ کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس کوپا ک بحریہ کی فیصلہ سازی کے نہایت اہم اجلاس کی حیثیت حاصل ہے جس میں چیفس آف اسٹاف، تمام پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور فیلڈ کمانڈرز پاک بحریہ کی دفاعی پالیسیوں اور منصوبوں کا جائزہ لیتے ہیں۔ کانفرنس کے دوران پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں،ترقیاتی منصوبوں،موجودہ سکیورٹی صورتحال اورٹروپس کی ٹریننگ و فلاح سے متعلق مختلف اُمور کا جائزہ لیا گیا۔چیف آف دی نیول اسٹاف کو پاک بحریہ کے مختلف جاری اور مستقبل کے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔سکیورٹی کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے چیف آف دی نیول اسٹا ف نے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ پاکستان کے قیمتی میری ٹائم انفراسٹرکچرکے بحری دفاع اورقومی میری ٹائم اثاثوں کے تحفظ کے سلسلے میں پاکستان نیوی کے عزمِ صمیم کا اظہار کرتے ہوئے نیول چیف نے ہر قسم کے خطرات اور چیلنجزسے نبرد آزما ، پاکستان کی میری ٹائم سرحدوں کا ہر قیمت پر دفاع کرنے کیلئے پاک بحریہ کے غیر متزلزل عزم اورپختہ عہد کو دہرایا ۔ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے ملکی ساختہ نیول کروز میزائل حربہ کی کامیاب فائرنگ کو بھی سر ا ہااورکہا حربہ نیول کروز میزائل کی مقامی سطح پر تیاری پاک بحریہ کے خودانحصاری کی منزل کے حصول کا مظہر ہے اور حربہ میزائل پاکستان نیوی فلیٹ کی حربی صلاحیتوں میں مزید اضافے کا باعث ہو گا۔نیول چیف نے موجودہ میری ٹائم چیلنجز بشمول سی پیک منصوبے اور گوادر بندر گاہ کی میری ٹائم سکیورٹی جیسے پہلوؤں سے نبرد آزما ہونے کیلئے پاکستان نیوی کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور پاک بحریہ کے ٹرو پس کے بلند جذبے اور لگن کو سراہا۔

سربراہ پاک بحریہ

مزید : علاقائی

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...