پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں متحرک ، سکولوں کی چیکنگ
لاہور(کامرس رپورٹر)پنجاب فوڈا تھارٹی فوڈ سٹینڈرڈ ریگولیشن 2017کے تحت پنجاب بھر کے سکولوں میں کاربونئیٹڈاور کولا ڈرنکس پر عائد کی گئی پابندی پر عمل درآمد کے حوالے سے جاری کردہ اعدادو شمار کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی ٹیمیں چار ماہ میں چار ہزار سے زائد سکولوں کی چیکنگ کر چکی ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کے دفتر سے جاری ہونے والی تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ قانون کی باربارخلاف ورزی کرنے پر پچپن سکولوں کی کیفے ٹیریاز کو سیل کیا گیا جبکہ 2276کووارننگ نوٹس جاری کیے گئے۔وارننگ نوٹس جاری کرنے کے بعد فالو اپ وزٹ میں حالات درست پائے گئے۔ پابندی کے حوالے سے نہ صرف پنجاب فوڈ اتھارٹی ٹیمیں متحرک ہیں بلکہ اس حوالے سے تمام متعلقہ ڈیپارٹمنٹس کا تعاون بھی لیا جا رہا ہے۔ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل نے صوبہ بھر کے سرکاری سکولوں میں پابندی کے مکمل اطلاق کے لیے سیکرٹری سکول ایجوکیشن سے متعد دملاقاتیں کی ہیں اور سرکاری سکولوں کی انتظامیہ کو ہدایات جاری کروائی جا چکی ہیں۔ سرکاری سکولو ں کے علاوہ پرائیوٹ سکولوں پر بھی مکمل توجہ دی جا رہی ہے۔ پابندی پر عمل درآمد کے لیے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور ایسوسی ایشن کے ساتھ ساتھ سول سوسائٹی کی بھی مکمل حمایت حاصل ہے۔ والدین کی طرف سے جہاں پابندی کی مکمل حمایت کی جا رہی ہے وہاں خلاف ورزی کی صورت میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کو اطلاع بھی دی جاتی ہے۔
فوڈ اتھارٹی