سماجی شعبہ کی ترقی حکومتی ترجیحات میں سرفہرست ہے،گورنر سندھ

سماجی شعبہ کی ترقی حکومتی ترجیحات میں سرفہرست ہے،گورنر سندھ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ صوبہ میں سماجی شعبہ کی ترقی حکومت ترجیحات میں سرفہرست ہے ، تعلیم ، صحت اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے متعلق اداروں کی کارکردگی کو مزید بڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے اس ضمن میں روٹری انٹر نیشنل سندھ بلوچستان میں تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤ س میں روٹری انٹرنیشنل سندھ و بلوچستان کے 31 رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا ۔وفد کی سربراہی روٹری انٹر نیشنل کلب کی ضلعی نمائندہ ڈاکٹر انعم اکرم کررہی تھیں ۔ ملاقات میں صوبہ میں عوام کا معیار زندگی بلند کرنے ، تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی، سماجی شعبہ کی ترقی کے لئے اٹھائے گئے اقدامات ، نجی اداروں کے فعال کردار نوجوانوں کو تربیت فراہم کرنے اور روٹری انٹر نیشنل کلب کے کردار سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان کی کل آبادی کا 60 فیصد نوجوانوں پر مشتمل ہے یہ خداداد نعمت ہے جسے مواقعوں میں بدلنے کے لئے بھرپور اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہے اس ضمن میں نوجوانوں کو مختلف روزگار کی تربیت کی فراہمی خوش آئند اور قابل تحسین اقدام ہے ، نوجوانوں کو ہنر مند بنانے سے معاشی سرگرمیوں میں انقلاب برپا کیا جا سکتا ہے ، روٹری انٹرنیشنل کے اقدام سے غربت اور بے روزگاری کے خاتمہ میں بھی مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت کی بنیادی سہولیات عوام کا بنیادی حق اور حکومت کی اولین ترجیح ہے اس ضمن میں صوبہ بھر میں تعلیمی اور میڈیکل مراکز قائم کئے جا رہے ہیں ، نجی ادارے بھی تعلیم اور صحت کی فراہمی میں حکومت کا بازو ہیں با الخصوص روٹری انٹر نیشنل کی خدمات قابل تحسین ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نجی اداروں کی سماجی خدمات سے عوام کی مشکلات میں واضح کمی آرہی ہے ، حکومت سماجی خدمت انجام دینے والے نجی اداروں کے ساتھ ہر ممکن تعاون ، مدد اور معاونت فراہم کررہی ہے کیونکہ مشترکہ اقدامات سے موئثر عوامی خدمت و بھلائی میں اہم ثابت ہو سکتے ہیں ۔ملاقات میں روٹری انٹر نیشنل کے اراکین کو گورنر سندھ کو صوبہ میں جاری تعلیم ، صحت اور دیگر سماجی ترقی کے لئے جاری کاموں سے متعلق تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ روٹری انٹر نیشنل کلب صوبہ کے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لئے مختلف شعبوں کی تربیت بھی فراہم کررہا ہے اس اقدام سے صوبہ میں غربت اور بے روزگاری کا خاتمہ یقینی ہے ۔

مزید : علاقائی