چیف جسٹس کی زیر صدارت سپریم کورٹ میں عدالتی اصلاحات سے متعلق اہم اجلاس

چیف جسٹس کی زیر صدارت سپریم کورٹ میں عدالتی اصلاحات سے متعلق اہم اجلاس

اسلام آباد (اے پی پی) چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے سپریم کورٹ میں عدالتی اصلاحات کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کی جس میں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس منصور علی شاہ ، سپریم کورٹ ، لاہور ہائیکورٹ اور لاء اینڈ جسٹس کمیشن کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس منصور علی شاہ نے پنجاب جوڈیشری میں لائی جانے والی عدالتی اصلاحات کے حوالے سے اجلاس کو بریفنگ دی۔ انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ پنجاب کی جوڈیشری میں نئی لائی جانے والی اصلاحات مقدمات کی سماعت میں تاخیر کا سدباب کرنا، زیر التواء مقدمات کو جلد نمٹانے ، عدالتوں میں آنے والے سائلین کو تیزی سے انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے اور وکلاء کیلئے عدالتوں تک آسان رسائی یقینی بنانے پر مشتمل ہے۔ اس کے ساتھ نئی اصلاحات سائلین کو عدالتوں میں موثر عدالتی سہولیات کی فراہمی اور تنازعات کے متبادل حل کے حوالے سے طریقہ کار کو فروغ دینے کیلئے ججوں اور لاء افسران اور عملے کی تربیت کو یقینی بنانا وغیرہ شامل ہیں۔ چیف جسٹس نے پنجاب میں لائی جانے والی عدالتی اصلاحات کی تعریف کرتے ہوئے اسے تمام جوڈیشری کیلئے روڈ میپ قرار دیا اور کہا کہ اس سلسلے میں ، میں نے خود کراچی میں آئندہ ہفتے آل پاکستان چیف جسٹس صاحبان کی کانفرنس کا انعقاد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو ہفتہ کو منعقد ہو گی جس میں مجموعی طور پر عدالتی نظام کا جائزہ لیا جائے گا۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے عدالتی اصلاحات کے حوالے سے ایک مہینے کیلئے مختلف عدالتی بنچ تشکیل دے دیئے ہیں جس کا مقصد کیسوں کو جلد نمٹانے کا عمل تیز کرنے کے ساتھ ساتھ سائلین کی مدد کرنا ہے۔ ایک مہینے کیلئے بنچوں کو تشکیل کا ایک مقصد وکلاء کو کیسوں کی تیاری کیلئے مواقعے بھی فراہم کرنا ہے۔ دریں اثناء چیف جسٹس نے عدالتی اصلاحات کے تناظر میں ہر جمعرات کو نئی دائر کی جانے والی پٹیشنز کی سماعت کیلئے دو رکنی بنچ بھی تشکیل دیئے ہیں۔

مزید : صفحہ آخر