چھ ماہ میں صارفین کو 36 ہزار گیس کے نئے کنکشن فراہم کئے گئے


لاہور (خبر نگار) سوئی ناردرن گیس کمپنی لاہور ریجن نے رواں سال کے گزشتہ چھ ماہ کے دوران صارفین کو 36 ہزار گیس کے نئے کنکشن فراہم کئے جبکہ مختلف علاقوں میں 600 کلو میٹر سے زائد گیس کی نئی لائنیں بچھائیں۔ تفصیلات کے مطابق سوئی ناردرن گیس کمپنی نے سال 2017-18 کے دوران صارفین کو گیس کے نئے کنکشن کے حوالے دئیے گئے ٹارگٹ میں 60 فیصد سے زائد ٹارگٹ مکمل کرلیا ہے۔ صارفین کو 78 ہزار گیس کے نئے کنکشن فراہم کرنے کا ٹارگٹ دیا گیا جس میں سے لاہور میں یکم جولائی 2017ء سے 31 دسمبر 2017 کے 6 ماہ کے دوران 36 ہزار سات سو اکیس گیس کے نئے کنکشن فراہم کیے ہیں، جس میں سب سے زیادہ باغبانپورہ، باٹا پور، مناواں، لکھو ڈیئر اور نشتر کالونی سمیت کاہنہ کے علاقوں میں فراہم کئے گئے ہیں جبکہ ساڑھے پانچ ہزار سے زائد گیس کے خراب اور سست چلنے والے میٹروں کو تبدیل کیا گیا ہے۔ 1200 کلو میٹر گیس کی نئی لائنیں بچھانے کا ٹارگٹ دیا گیا ہے جس میں سے گیس کمپنی نے چھ ماہ کے دوران 600 سے زائد گیس کی نئی لائنیں بچھانے کا کام مکمل کرلیا ہے جس میں کاہنہ نو، نشتر کالونی، مناواں، برکی، شاہدرہ اور بیدیاں روڈ سمیت 100 سے زائد علاقے شامل ہیں۔ جی ایم سوئی گیس لاہور ریجن قیصر مسعود نے ’’پاکستان‘‘ کو بتایا کہ رواں مالی سال کے دوران گیس کمپنی کی جانب سے دیئے ٹارگٹ کو جون 2018ء تک پورا کرلیا جائے گا جس میں صارفین کو گیس کے 78 ہزار نئے کنکشن جبکہ 1200 کلو میٹر سے زائد سپلائی لائنیں بچھانے کا ٹارگٹ مکمل کیا جائے گا جس کے بعد لاہور ریجن میں صارفین کی تعداد 11 لاکھ سے تجاویز کرجائے گی۔
سوئی گیس

مزید : صفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...