جہانگیر ترین کی شوگر مل کا گنا اٹھانے کا پلان لائیں ورنہ جنوبی پنجاب کی بند شوگر ملیں کھول دونگا : چیف جسٹس

جہانگیر ترین کی شوگر مل کا گنا اٹھانے کا پلان لائیں ورنہ جنوبی پنجاب کی بند ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (آن لائن ) شریف خاندان کی شوگر ملوں کی جنوبی پنجاب منتقلی سے متعلق ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف اپیل کی سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے جہانگیر ترین کی شوگر مل جے ڈبلیو ڈی سے جمعرات تک گنا اٹھانے کا پلان طلب کر لیا ہے جبکہ چیف جسٹس نے کہا کہ کل تک پلان لائیں ورنہ جنوبی پنجاب کی بند شوگر ملیں کھو ل دوں گا۔ بدھ کو سپریم کورٹ میں شریف خاندان کی شوگر ملز جنوبی پنجاب منتقل کرنے کے خلاف ہائی کورٹ فیصلے پر اپیل کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی ،چیف جسٹس نے کہا کہ غالبا یہ انڈسٹری نئی نہیں لگائی گئی، معاملہ شوگر ملز منتقلی کا ہے، کیامقدمات کے دوران یہ کاروبار بند ہے؟شوگر ملز کے وکیل نے بتایا کہ کاروبار بھی بند ہے اور 3ماہ میں ملوں کی منتقلی کاحکم بھی ہائیکورٹ نے دیا ہے ،چیف جسٹس نے کہا کہ اگرملزغیرقانونی لگائی گئی ہیں تو منتقل کرنا پڑیں گی، چیف جسٹس نے کہا کہ میرے خیال سے اپیل کی سماعت کے لیے منظوری توبنتی ہے ، وکیل نے کہا کہ ہائی کورٹ کے فیصلے کو فی الوقت معطل کیا جائے جب تک سپریم کورٹ اپیل کا فیصلہ نہیں کر دیتی ، چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ اخبارات میں اپیلیں کیوں شائع کی جارہی ہیں، ملیں توسال سے بند ہیں، فی الحال حکم امتناعی نہیں دینگے ، گنے کے کاشتکاروں کے وکیل احسن بھون نے کہا کہ جہانگیر ترین شوگر ملز کے وکیل چوہدری اعتزاز احسن جانتے ہیں گنے کی فصل دو سال ہوتی ہے ، چیف جسٹس نے اعتزاز احسن سے پوچھا کہ چوہدری صاحب کیا آپ نے گنا کاشت کیا ہے، اعتزاز احسن نے کہا کہ میں بھی کاشتکار ہوں، چیف جسٹس نے برجستہ استفسار کیا کہ کیا ایگریکلچر ٹیکس بھی دیا ہے؟ چیف جسٹس کے چوہدری اعتزاز احسن سے مکالمے پر عدالت میں قہقہے گونج اٹھے، چیف جسٹس نے پوچھا کہ باقی ملیں بند ہیں تو کیا سارا گنا ترین کی ملز JDW اٹھانے کے لیے تیار ہے ؟چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا جہانگیر ترین موجود ہیں، جہانگیر ترین کو بلا لیں، چاہتے ہیں کسانوں کا نقصان نہ ہو، چیف جسٹس نے کہا کہ جو سرکلر ریٹ ہے اعتزاز احسن ادا کرینگے، کم از کم اس سیزن میں کسانوں کا نقصان نہیں ہونے دینگے کاشتکاروں کے وکیل نے کہا کہ جے ڈی ڈبلیو مل نے پہلے بھی وعدہ خلافی کی، کسانوں کو پچھلی ادائیگی بھی نہیں کی گئی ،چیف جسٹس نے کہا کہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی نہیں ہونے دیں گے، کسان کا سارا گنا اٹھنے تک کیس کی سماعت کروں گا، چیف جسٹس نے کہا کہ اعتزاز احسن یقین دہانی کرائیں اور جا کر خود اٹھائیں، چودھری اعتزاز احسن کیلئے پچاس کروڑ یا ایک ارب روپے تو مسئلہ ہی نہیں ہے ، کاشتکاروں کے وکیل نے کہا کہ دیگر ملیں بند ہونے سے ترین کی مل گنا نہیں اٹھا رہی، چیف جسٹس نے کہا کہ اعتزاز احسن چیف جسٹس کے آئیڈیل ہیں، یہ ضرور کریں گے چیف جسٹس نے جے ڈبلیو ڈی سے آج جمعرات تک گنا اٹھانے کا پلان طلب کر تے ہوئے کہا کہ کل تک پلان لائیں ورنہ جنوبی پنجاب کی بند شوگر ملیں کھو ل دوں گا، اعتزاز احسن نے کہا کہ خود کاشتکار ہوں کسانوں کانقصان نہیں ہونے دوں گا،چیف جسٹس نے اس پر برجستہ کہا کہ عدالت کا کاشتکاروں کی محبت میں گرفتار ہونے کے بعد اعتزازاحسن کی کسانوں کے لیے محبت جاگ گئی ہے بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت آج جمعرات تک ملتوی کردی۔
چیف جسٹس

مزید :

صفحہ آخر -